حالیہ پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران ترکی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے بعد انڈین شہریوں کی جانب سے ان دونوں ممالک کی جانب سیاحتی رجحان میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
سیاحتی بکنگز فراہم کرنے والی دو بڑی کمپنیوں، MakeMyTrip اور EaseMyTrip کے مطابق، انڈیا میں لوگوں نے ترکی اور آذربائیجان کی بکنگ منسوخ کرنا شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میک مائی ٹرپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ترکی اور آذربائیجان کے لیے بکنگز میں 60 فیصد کمی جبکہ منسوخیوں میں 250 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایزی مائی ٹرپ کے چیف ایگزیکٹو رکانت پٹی کے مطابق ترکی کے لیے 22 فیصد اور آذربائیجان کے لیے 30 فیصد تک سیاحتی دورے منسوخ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انڈیا کے مسافر اب ترکی اور آذربائیجان کی جگہ جارجیا، سربیا، یونان، تھائی لینڈ اور ویتنام جیسے متبادل مقامات کا انتخاب کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ٹکٹنگ پلیٹ فارم ixigo نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ وہ ترکی، آذربائیجان اور چین کے لیے فلائٹ اور ہوٹل بکنگز معطل کر رہا ہے۔
ایزی مائی ٹرپ کے بانی اور چیئرمین نِشانت پٹی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا: ’جب یہ ممالک کھلے عام پاکستان کی حمایت کرتے ہیں تو کیا ہمیں ان کی سیاحت اور معیشت کو فروغ دینا چاہیے؟‘
ان کے مطابق گذشتہ سال دو لاکھ 87 ہزار انڈین شہریوں نے ترکی اور دو لاکھ 43 ہزار نے آذربائیجان کا دورہ کیا تھا۔