پنجاب: 17 کروڑ کی گاڑی کی رجسٹریشن فیس 85 لاکھ روپے وصول

پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق گاڑی جتنی مہنگی ہو گی، اتنی ہی رجسٹریشن فیس وصول کی جاتی ہے۔

پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے جلال سنز کی زیرِ ملکیت مرسڈیز بینز کی 17 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی پر رجسٹریشن فیس 85 لاکھ سات ہزار روپے وصول کی ہے (فائل فوٹو/ مرسڈیز بینز پاکستان فیس بک پیج)

پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے تاریخ میں پہلی بار لاہور کے ایک شہری کی گاڑی 85 لاکھ سات ہزار روپے وصول کر کے رجسٹر کر لی ہے۔

طے شدہ ضابطے کے مطابق جلال سنز کی زیرِ ملکیت مرسڈیز بینز کی 17 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی پر رجسٹریشن فیس 85 لاکھ سات ہزار روپے بنی، جو وصول کر لی گئی۔

ایکسائز حکام کے مطابق گاڑی جتنی مہنگی ہو گی، اتنی ہی رجسٹریشن فیس وصول کی جاتی ہے۔

حکومتِ پنجاب نے رواں سال ایکسائز کی فیسوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس اضافے کے ساتھ اب گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس وصول کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈائریکٹر محکمہ ایکسائز شاہد گیلانی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس جو طے کی ہے، اسی کے مطابق وصول کی جاتی ہے۔

’ہم نئی بڑی گاڑیوں کی رجسٹریشن ان کی ہارس پاور نہیں بلکہ قیمت کے مطابق وصول کرتے ہیں۔ جس گاڑی کی جتنی زیادہ قیمت ہوتی ہے، اس کی رجسٹریشن بھی اس کے مطابق طے ہے۔‘

شاہد گیلانی کے مطابق: ’ہم نے جس گاڑی کی سب سے زیادہ فیس وصول کی ہے، وہ جلال سنز کمپنی کے مالکان کی ہے۔ یہ فیس ہمارے محکمے میں کسی بھی گاڑی کی سب سے زیادہ فیس ہے۔‘

اس سے قبل 26 اکتوبر 2020 میں لاہور کے ہی ایک رہائشی نے ساڑھے 11 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی لیمبرگینی خریدی تھی، جس کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں رجسٹریشن کے لیے محکمہ ایکسائز کو خصوصی طریقہ کار وضع کرنا پڑا اور شہری کو اس گاڑی کی رجسٹریشن فیس کی مد میں 45 لاکھ 32 ہزار روپے ادا کرنے پڑے تھے۔

اس کے بعد سے محکمہ ایکسائز نے مستقل نیا طریقہ طے کر لیا، جس کے تحت اب اس سے بھی زیادہ مالیت کی گاڑی رجسٹرڈ ہوسکتی ہے۔

گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس

حکومتِ پنجاب نے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ رجسٹریشن فیس میں اضافے کی تجاویز پر اس سال بجٹ میں فیسیں بڑھانے کی تجاویز منظور کی ہیں، جس کے مطابق 1000 سی سی تک گاڑی کی رجسٹریشن فیس جو اس وقت 1200 روپے ہے، اسے بڑھا کر 5000 روپے کر دیا گیا۔

اسی طرح 1000 سی سی سے 1800 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 2000 روپے سے بڑھا کر 11000 روپے تک کر دی گئی۔ 1800 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس بھی 3000 سے بڑھا کر 22000 روپے تک وصول کی جائے گی۔

اسی طرح ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (ایچ ٹی وی)کی  رجسٹریشن فیس بھی 4000 روپے سے بڑھا کر 11000 روپے تک پہنچا دی گئی ہے جبکہ بجٹ منظوری کے بعد ان اضافوں کا اطلاق بھی مرحلہ وار کیا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان