الیکٹرک وہیکلز سکیم: طلبہ، بے روزگار شہریوں، خواتین اور بلوچستان کے لیے مراعات

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی غرض سے طلبہ، بے روزگار افراد، خواتین اور بلوچستان کے شہریوں کے لیے الیکٹرک وہیکلز کی مد میں مراعات کا اعلان کیا ہے۔

18 جولائی 2025 کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی سے متعلق اجلاس کا منظر (ایوان وزیراعظم، اسلام آباد)

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو ملک میں بجلی سے چلنے والی (الیکٹرک) گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی غرض سے طلبہ، بے روزگار افراد، خواتین اور بلوچستان کے شہریوں کے لیے الیکٹرک وہیکلز کی مد میں مراعات کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈرز کے حصول میں حکومتی معاونت پر ایک جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی سے ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کے قیمتی زر مبادلہ کی بچت، ماحولیاتی تحفظ میں معاونت اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔‘

انہوں نے الیکٹرک وہیکلز کی عام آدمی تک رسائی کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تیار کیے جانے کی ہدایات جاری کیں۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پر بے روزگار افراد کو بھی الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے تشکیل دی گئی سکیم کے تحت خواتین کا 25 فیصد خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آبادی کے تناسب سے صوبوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقعے پر بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی اور اس میں حکومتی معاونت والی سکیم میں معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری اور مینٹی نینس کے لیے بھی ایک مکمل ایکوسسٹم تشکیل دینے کے لیے اقدامات اور سکیم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروانے کی ہدایات دیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی ہارون اختر، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

اجلاس کو ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے صنعت کی موجودہ صورت حال اور عام آدمی کی ان تک رسائی کے لیے حکومتی معاونت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت الیکٹرک بائیکس، رکشہ اور لوڈر کے کم لاگت اور آسان شرائط پر قرض کے ذریعے حصول میں معاونت کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس اور تین ہزار سے زائد رکشے و لوڈرز کے آسان شرائط و کم لاگت حصول میں عوام کو حکومتی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس سکیم کی بدولت ملک میں بیٹری بنانے والی چار نئی کمپنیاں اپنے آپریشن کا آغاز کر رہی ہیں، جس سے پاکستان میں نئے کاروباری مواقع اور روزگار ملے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت