یوکرین کے باکسر یوسک تیسری بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن

اولیکسانڈر یوسک نے انگلش حریف ڈینیئل ڈوبوا کو پانچویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔

یوکرین کے اولیکسانڈر یوسک نے 19  جولائی، 2025 کو لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں ہونے والے عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ ٹائٹل مقابلے میں برطانیہ کے ڈینیئل ڈوبوا سے مقابلہ کرتے ہوئے (اے ایف پی)

یوکرین کے باکسر اولیکسانڈر یوسک ہفتے کو لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں انگلش حریف ڈینیئل ڈوبوا کو پانچویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن بن گئے۔

اس جیت کے ساتھ یوسک 24 مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں اور ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی او کے ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ آئی بی ایف ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا۔

مجموعی طور پر تیسری بار ہیوی ویٹ چیمپیئن بنے والے یوسک اس مقابلے کے ابتدائی چار راؤنڈز میں غالب رہے۔

پانچویں راؤنڈ کے آغاز میں ہی انہوں نے ڈوبوا کو گرا دیا اور پھر بائیں ہُک کے ذریعے مقابلے کا فیصلہ کن اختتام کیا، جس کے بعد برطانوی باکسر ایک منٹ اور 52 سیکنڈ کے اندر دوبارہ کھڑے نہ ہو سکے۔

یہ دوسرا موقع تھا کہ 38 سالہ یوسک نے خود سے 11 سال کم عمر ڈوبوا کو شکست دی۔

اس سے قبل 2023 میں پولینڈ کے شہر کراکوف میں نویں راؤنڈ میں انہوں نے ڈوبوا کو شکست دی تھی۔

یوسک 90 ہزار شائقین کی بھرپور حمایت کے ساتھ رنگ میں داخل ہوئے جن میں سے بیشتر یوکرین کے قومی پرچم لہرا رہے تھے۔

مقابلے کے بعد یوسک نے رنگ میں بات کرتے ہوئے کہا ’38 سال ابھی جوانی ہے، یاد رکھنا، 38 ابھی آغاز ہے۔

’میں خدا کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں، اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ویمبلے، بہت شکریہ! یہ ٹائٹل میرے لوگوں کے لیے ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ اب کچھ وقت اپنے خاندان، بیوی بچوں کے ساتھ آرام کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جب ان سے اگلے ممکنہ حریف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ’شاید وہ ٹائی سن فیوری ہوں، شاید ہمارے پاس تین آپشنز ہوں، ڈیریک چیسورا، انتھونی جوشوا، یا جوزف پارکر۔

’لیکن ابھی میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میں واپس گھر جانا چاہتا ہوں۔‘

ڈوبوا نے کہا کہ وہ دوبارہ رنگ میں واپسی کریں گے۔

ان کے بقول ’مجھے یوسک کی پرفارمنس پر خراج تحسین پیش کرنا ہے، میں نے اپنی ساری توانائی جھونک دی۔

’اس انسان کو کریڈٹ نہ دینا ناانصافی ہوگی، لیکن میں واپس آؤں گا۔‘

دوسری طرف یوسک دنیا بھر سے اپنی شاندار فتح پر داد سمیٹتے رہے۔

ایک ایسا کیریئر جس نے انہیں جنگ زدہ یوکرین میں قومی ہیرو بنا دیا ہے۔

یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے انہیں مبارک باد دی۔

انہوں نے ایکس پر لکھا ’ایک اَنڈسپیوٹڈ چیمپیئن۔ ایک لیجنڈ۔ جو ہمارا اپنا ہے۔ ہر فتح کے ساتھ جو ہمت اور حوصلہ آپ نے قوم کو دیا، اس کے لیے شکریہ۔ ہر مقابلے میں یوکرین کو دل میں لیے اترنے کے لیے شکریہ۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل