حکومت پر تنقید کے بعد وزیر اعظم نے مارشل آرٹ کھلاڑی کو 50 لاکھ کا چیک دے دیا

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے شاہ زیب رند کے والد خیر محمد کو حکومت کی جانب سے انعامی چیک دیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو مکس مارشل آرٹس فائٹر شاہ زیب رند کی جانب سے انعامی رقم میں تاخیر کی شکایت کے بعد ان کے والد کو 50 لاکھ روپے کا چیک دے دیا ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند نے گذشتہ ہفتے بدھ کو ایکس پر حکومت کی جانب سے انعام کے لیے کیے گئے وعدوں کو ’جھوٹا‘ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی تھی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں الزام لگایا تھا کہ ’ہمارے سیاست دان کرپٹ ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ماضی میں انعامات کا اعلان کیا مگر وہ سب جھوٹ تھا۔

’مجھے ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ یہ لوگ صرف تصویریں کھنچواتے ہیں، جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور پھر بے شرمی سے اسے بھول جاتے ہیں۔‘

شاہ زیب رند کی جانب سےحکومت پر تنقید اور الزامات کے بعد 26 جولائی کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹ کھلاڑی سے انعامی رقم اور مالی معاونت کی فراہمی میں ’ناقابل جواز تاخیر‘ پر معذرت کی تھی۔

عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر معذرت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کہیں نہ کہیں کوئی غلط فہمی ہے۔ ہم اس غیر ضروری اور ناقابل جواز تاخیر پر مخلصانہ معذرت خواہ ہیں۔‘

جس کے بعد منگل 29 جولائی کو وزیر اعظم پاکستان نے شاہ زیب رند کے والد کو وزیر اعظم آفس مدعو کیا اور انہیں 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے شاہ زیب رند کے والد خیر محمد کو حکومت کی جانب سے انعامی چیک دیا۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم نے خیر محمد سے ملاقات میں ان کے بیٹے شاہ زیب رند کے لیے آئندہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ستمبر 2024 میں شاہ زیب رند نے سنگاپور میں منعقدہ کراٹے کامبیٹ چیمپیئن شپ جیت کر پاکستان کے پہلے عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

انہوں نے فائنل میں برازیل کے برونو رابرٹو ڈی اسیس کو شکست دی تھی۔

اس فتح کے بعد صدر آصف علی زرداری نے انہیں 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا جب کہ بلوچستان حکومت نے انہیں 20 لاکھ روپے نقد انعام اور ایک سابق وفاقی وزیر نے 25 ایکڑ زمین دینے کا وعدہ کیا تھا۔

تاہم شاہ زیب رند نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پانچ کروڑ روپے نقد اور آٹھ کروڑ روپے تربیتی معاونت میں سے کوئی رقم موصول نہیں ہوئی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل