اسرائیل غزہ میں بچوں کو قتل کر رہا ہے، ظلم کا حساب دینا ہوگا: روسی قونصل جنرل

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک جرم ہے۔ کوئی بھی ملک، یہاں تک کہ اگر اس پر دہشت گرد حملہ بھی ہوا ہو، اسے یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ پورے گاؤں جلا دے اور تمام شہریوں کو قتل کرے۔

کراچی میں تعینات روس کے قونصل جنرل آندرے ویکٹوریچ فیڈروف انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے (صالحہ خان/انڈپینڈنٹ اردو)

پاکستان میں تعینات روس کے قونصل جنرل آندرے وی فیدوروف نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ظلم کیا جا رہا ہے۔ اسرائیل معصوم بچوں کا قتل کر رہا ہے، ایک دن اسرائیل کو اس ظلم کا جواب دینا پڑے گا۔

پیر کو کراچی میں انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک جرم ہے۔ کوئی بھی ملک، یہاں تک کہ اگر اس پر دہشت گرد حملہ بھی ہوا ہو، اسے یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ پورے گاؤں کو جلا دے، تمام شہریوں کو قتل کرے۔ اگر کسی گاؤں سے چوری ہوئی ہو، تب بھی پورے گاؤں کو نیست و نابود کرنا جرم ہے۔‘

پاکستان اور روس کے درمیان حالیہ برسوں میں مختلف سطحوں پر رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ ماہ روس کے قونصل جنرل فیدوروف نے تصدیق کی تھی کہ وہ پاکستان کے ساتھ کراچی میں ایک نئی سٹیل مل قائم کرنے کے معاہدے کو اس موسمِ گرما میں حتمی شکل دینے کی توقع رکھتے ہیں۔

سوویت یونین نے 1970 کی دہائی میں کراچی میں پاکستان سٹیل مل تعمیر کی تھی، جو ملک کا سب سے بڑا سرکاری صنعتی ادارہ تھا۔ ایک وقت میں قومی خود کفالت کی علامت سمجھی جانے والی یہ سٹیل مل 2015 سے بند پڑی ہے، جس کی وجہ برسوں کی بدانتظامی، سیاسی مداخلت اور مالی بحران ہے۔

 روس کے قونصل جنرل آندرے وی فیدوروف نے کراچی پریس کلب میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو خطے میں امن و استحکام لانے میں معاون ہوں۔ پاکستان اس خطے کا ایک اہم ملک ہے، اور بہت سی چیزوں کا انحصار پاکستان پر ہے۔ اگر ہم مل کر، ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے آگے بڑھیں تو خطے کو درپیش کئی بڑے مسائل کا حل ممکن ہے۔‘

گذشتہ برس پاکستان نے روس سے تیل خریدنے کی کوشش کی تھی جو کامیاب نہ ہو سکی، اس بارے میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کی وجہ عالمی دباؤ تھا؟ تو قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ انہیں اس معاملے کی تفصیلات کا علم نہیں، اس لیے وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔

پاکستان اور روس کے درمیان نئے سٹیل پلانٹ منصوبے کی موجودہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان سٹیل ملز سے متعلق اہم نکات پر کام کر رہے ہیں۔ اس وقت اس منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں، جیسے ہی کوئی حتمی پیش رفت ہوگی، اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔‘

افغانستان کی بدلتی صورت حال کے حوالے سے روس کے مؤقف اور پاکستان سے متوقع تعاون کے بارے میں قونصل جنرل نے کہا کہ 'افغانستان کے طالبان ایک حقیقت ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو خطے میں امن و استحکام لانے میں معاون ہوں۔ پاکستان اس خطے کا ایک اہم ملک ہے، اور بہت سی چیزوں کا انحصار پاکستان پر ہے۔ اگر ہم مل کر، ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے آگے بڑھیں تو خطے کو درپیش کئی بڑے مسائل کا حل ممکن ہے۔‘

روس، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات اور سرمایہ کاری کو کس نظر سے دیکھتا ہے، اس سوال پر انہوں نے کہا کہ 'ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تعاون کے خلاف نہیں۔ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اسے یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ جس ملک کے ساتھ چاہے تعلقات قائم کرے۔ ہم مغرب کی طرح کسی پر اپنی طرز زندگی مسلط نہیں کرتے۔ ہمارے اور پاکستان کے درمیان اچھا تعاون موجود ہے، اور ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قبل ازیں روسی قونصل جنرل آندرے ویکٹوریچ فیڈروف نے صدر پریس کلب فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان، خازن عمران ایوب سمیت مجلس عاملہ کے دیگر ارکان اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے روسی قونصل جنرل کو اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت بڑی تعداد میں روس میں پاکستانی طلبہ کو مفت اسکالرشپ فراہم کر رہے ہیں۔ روسی زبان سکھانے سے متعلق پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کلچر کی دنیا میں بھی پاکستان کے ہم قدم ہوں گے۔ پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔ اکتوبر میں ایک وفد روس سے پاکستان آ رہا ہے جو پاکستان میں ایک ڈاکیومنٹری شوٹ کرے گا جس سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔

روسی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم شراکت دار ہے اور روس اس کے ساتھ تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ان کے مطابق، آزاد تجارت، خودمختاری کا احترام، اور مشترکہ تعاون ہی خطے میں استحکام اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا