جاپان کی سوزوکی موٹر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سے چھ برس میں انڈٰیا میں 700 ارب روپے (تقریباً آٹھ ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ پیداوار میں اضافہ، نئی ماڈلز کی لانچنگ اور دنیا کی تیسری بڑی کار مارکیٹ میں اپنی حصے داری کو مضبوط کیا جا سکے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے منگل کو کہا کہ انڈٰیا سوزوکی موٹر کے لیے فروخت اور آمدنی کے اعتبار سے دنیا میں سب سے بڑی مارکیٹ ہے، جہاں وہ ماروتی سوزوکی میں اپنی اکثریتی حصے داری کے ذریعے موجود ہے۔
روئٹرز کے مطابق سوزوکی موٹر کا یہ قدم انڈٰیا میں بڑھتی ہوئی مسابقت اور تیزی سے بدلتے آٹو سیکٹر میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات میں ماروتی سوزوکی کے پہلے الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹری پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے انڈیا میں تیار ہونے والی سوزوکی ’ای اوٹار‘ کی بھی نمائش کی۔ یہ گاڑی رواں برس کے آغاز میں نئی دہلی میں منعقدہ انڈیا موبلٹی گلوبل ایکسپو میں پہلی بار نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
وزیر اعظم مودی نے تقریب سے خطاب میں کہا: ’میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘ ’وکست انڈیا 2047‘ کے وژن کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ آج سے انڈیا میں تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیاں دنیا بھر میں برآمد کی جائیں گی اور ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی تیاری بھی شروع ہوگی۔ یہ دن انڈیا اور جاپان کی دوستی میں ایک نیا سنگ میل ہے۔ میں تمام اہل وطن، سوزوکی اور جاپان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مودی نے کہا کہ انڈیا کے پاس جمہوریت کی طاقت، نوجوان آبادی اور ہنرمند ورک فورس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے، جو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے باہمی فائدے کا سودا ہے۔
ان کے بقول: ’آج سوزوکی جاپان انڈیا میں تیار کر رہی ہے اور یہاں بننے والی گاڑیاں جاپان برآمد ہو رہی ہیں۔ یہ نہ صرف انڈیا-جاپان تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ انڈیا پر دنیا کے بڑھتے اعتماد کو بھی ظاہر کرتا ہے۔‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ماروتی سوزوکی جیسی کمپنیاں آج میک ان انڈیا کی ’برانڈ ایمبیسیڈر‘ بن گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات میں ماروتی کے 13 برس مکمل ہونے پر یہ کمپنی پختگی کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے اور نئے جوش و خروش کے ساتھ ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گی۔