جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 میں مردوں کے جیولن فائنل میں پاکستان کے سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم جمعرات کو ٹاپ ایٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔
اس ناکامی کے بعد ان کی تمغہ حاصل کرنے کی امید باقی نہیں رہی۔
ارشد نے اپنی مہم کا آغاز 82.73 میٹر کے تھرو سے کیا اور ابتدائی راؤنڈ کے بعد ساتویں نمبر پر رہے۔ تاہم دوسری کوشش میں ان سے فاؤل سرزد ہوا۔
تیسری کوشش کے دوران انہوں نے نیزہ 82.75 میٹر کے فاصلے تک پھینکا، جو ان کی پہلی تھرو سے تھوڑا بہتر تھا۔
چوتھی کوشش میں انہوں نے دوبارہ فاؤل کا ارتکاب کیا، جس سے ان کی تمغہ حاصل کرنے کی امید ختم ہو گئی۔
ارشد نے گروپ بی سے براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جہاں انہوں نے 85.28 میٹر تھرو پھینکی، جس سے ان کی ایک اور بڑی کارکردگی کی امیدیں بڑھ گئی تھیں۔
دوسری طرف انڈیا کے نیرج چوپڑا نے آج اپنے پہلے ہی تھرو میں 83.65 میٹر کا فاصلہ ریکارڈ کیا، جب کہ ان کے ہم وطن سچن یادیو نے ابتدائی برتری حاصل کرنے کے لیے 86.29 میٹر کی زبردست کوشش کے ساتھ شائقین کو دنگ کر دیا۔
ارشد ندیم اس چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والے واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے ارشد اور نیرج علیحدہ گروپس میں تھے۔
مجموعی طور پر 12 بہترین تھرو کرنے والے کھلاڑی فائنل کھیل رہے ہیں۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا ’آپ سب کو معلوم ہے کہ میں ٹوکیو میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے لیے آیا ہوں۔ کل (بدھ کو) میں ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے دعا کریں کہ اچھا پرفارم کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرپاؤں۔
پاکستان کی مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے ان کا یہ پیغام اپنے صارفین کو کال کی صورت میں سنایا تھا۔