ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان کے جیولین سٹار ارشد ندیم نے ہفتے کو جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

آٹھ اگست 2024 کی اس تصویر میں ارشد ندیم پیرس اولمپک 2024 کے فائنل مقابلے میں جیولن پھینک رہے ہیں (عارف حسین/ اے ایف پی)

پاکستان کے جیولین سٹار ارشد ندیم نے ہفتے کو جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

فائنل مقابلے میں ارشد کی پہلی تھرو 75.64 میٹر تھی۔ انہوں نے دوسری کوشش میں 76.80 کی تھرو کی جبکہ تیسری بار 85.57 میٹر کی تھرو کی، جو فائنل راؤنڈ کی سب سے لمبی تھرو تھی۔

ارشد ندیم کی چوتھی تھرو 83.99 میٹر تھی جبکہ ان کی فائنل تھرو 86.40 میٹر کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں انڈیا کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔

ارشد نے جمعے کو جیولن تھرو کے پہلے راؤنڈ میں 86.34 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

انہوں نے گذشتہ سال اگست میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

یہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔ ارشد نے اس مقابلے میں اپنی آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی۔

وہ جلد ہی ستمبر میں منعقد ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاری کے لیے انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

ارشد کے علاوہ پاکستان کے یاسر سلطان بھی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل مقابلے میں شریک تھے، جن کی پہلی تھرو 70.53 میٹر، دوسری تھرو 75.39 میٹر جبکہ تیسری تھرو 75.50 میٹر کی تھی۔

ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں 1973 کے بعد پاکستان نے پہلی مرتبہ گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے۔

1973 میں پاکستان نے فلپائن میں ہونے والے مقابلوں میں جیولن تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ میڈل جیتے تھے، 800 میٹر کا گولڈ میڈل  محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے اپنے نام کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل