انڈیا: ہوائی اڈے کو آسیب زدہ کہنے والا یوٹیوبر گرفتار

گوا میں پولیس نے یوٹیوبر اکشے وششت کو گرفتار کر لیا جنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ ریاست کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ آسیب زدہ ہے۔

 

اکشے وششت کی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ گوا ہوائی اڈے پربھوت دکھائی دینے کی وجہ سے پائلٹ اکثر رات کو طیارے اڑانے سے انکار کر دیتے ہیں (انسٹاگرام/@akshayvashishthorrorshow)

انڈیا کی ساحلی ریاست گوا میں پولیس نے ایک یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا جنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ ریاست کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ آسیب زدہ ہے۔

اکشے وششت کے، جو ایک مقبول یوٹیوب چینل چلاتے ہیں، پانچ لاکھ 70 ہزار سے زائد سبسکرائبر ہیں۔

ان کا چینل خوف ناک کہانیوں اور مافوق الفطرت واقعات کے لیے مخصوص ہے۔ انہیں بدھ کو دارالحکومت نئی دہلی میں حراست میں لیا گیا۔

ان کی گرفتاری گوا کے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کے ایک پولیس کانسٹیبل کی شکایت کے بعد عمل میں آئی۔

کانسٹیبل نے الزام لگایا کہ ان کی ویڈیو میں موپا میں نئے تعمیر شدہ منوہر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بارے میں جھوٹی معلومات پھیلائی گئیں۔

پولیس کے پاس درج شکایت کے مطابق یوٹیوب پر ’گوا کا آسیب زدہ ہوائی اڈہ‘ کے عنوان سے شیئر کی گئی ویڈیو میں الزام لگایا گیا کہ یہ ہوائی اڈہ شمشان گھاٹ پر بنایا گیا ہے۔

ویڈیو میں وششت نے دعویٰ کیا کہ ایک فضائی کمپنی کے عملے نے ’مافوق الفطرت سرگرمیوں‘ کی اطلاع دی اور پائلٹ اکثر رات کو طیارے اڑانے سے انکار کر دیتے ہیں، کیوں کہ رن وے پر سرخ رنگ کی ساڑھی پہنی ہوئی پراسرار خاتون سمیت بھوت دیکھے گئے۔

یہ ویڈیو فیس بک پر اب بھی دیکھا جا سکتی ہے، لیکن وششت کے مرکزی یوٹیوب چینل پر موجود دوسری ویڈیو جمعرات کو پرائیویٹ کر دی گئی۔

پولیس نے کہا کہ ویڈیو میں کیے گئے دعوے ’جھوٹے، بدنیتی پر مبنی اور توہم پرستانہ‘ ہیں اور ان کا مقصد عوام کو خوف زدہ کرنا اور تخلیق کار کے چینل کو فروغ دینا تھا۔

حکام نے یہ الزام بھی لگایا کہ یوٹیوبر نے سبسکرائبرز کی مبینہ گواہیاں بیان کیں تاکہ دعوؤں کو سچائی کا رنگ دیا جا سکے۔

موپا ایئرپورٹ تھانے کی ایک ٹیم دہلی گئی اور وششت کو دوارکا کے علاقے سے گرفتار کیا۔ پولیس افسروں نے ان کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کیمرہ قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کے لیے انہیں موپا ایئرپورٹ تھانے منتقل کر دیا۔

وششت پر انڈین ضابطہ فوجداری دفعات کے تحت ابتدائی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ دفعات شرانگیزی اور مشترکہ نیت کا احاطہ کرتی ہیں، یعنی لوگوں کا جرم کرنے کے ارادے سے جمع ہونا۔

پولیس نے کہا کہ وہ اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ آیا اس فیس بک پیج ایڈمنسٹریٹر کے خلاف کارروائی کی جائے یا نہیں، جنہوں نے مذکورہ ویڈیو کلپ شیئر کیا۔

28.3 کروڑ پاؤنڈ کی لاگت سے تعمیر ہونے والا منوہر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دسمبر 2022 میں موپا میں کھولا گیا اور ایک سال بعد یہاں سے پروازیں شروع ہوئیں۔

یہ گوا کا دوسرا ہوائی اڈہ ہے جس کا ہدف اگلے پانچ برس میں سالانہ ایک کروڑ 20 لاکھ مسافروں کو متوجہ کرنا ہے تاکہ سیاحت اور رابطے کو فروغ دیا جا سکے۔

گوا انڈیا کے سب سے مقبول ملکی اور بین الاقوامی سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حکام نے کہا کہ بے بنیاد افواہیں ہوائی اڈے کی ساکھ کو ایک ایسے وقت پر نقصان پہنچا سکتی ہیں جب یہ ہوائی اڈہ ابھی اپنی بین الاقوامی ساکھ قائم کر رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ حکام ریاست کی ساکھ کے حوالے سے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ الجھے ہوں۔

قبل ازیں رواں کئی سوشل میڈیا پوسٹس سامنے آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے گوا کے ساحلوں اور ریزورٹس پر آنے والوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔

گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاونٹے نے جولائی میں زور دے کر کہا کہ سیاحوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔

انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ ’نام نہاد انفلوئنسر پیسہ لے کر‘ جان بوجھ کر ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹی کہانیاں پھیلا رہے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل