یورپ میں ہیتھرو، برسلز سمیت بڑے ایئرپورٹس پر سائبر حملے، پروازیں منسوخ

یورپ کے بڑے ایئرپورٹس پر سائبر حملے کے بعد برسلز میں نصف پروازیں منسوخی کی ہدایت، برلن اور لندن میں مسافروں کو گھنٹوں انتظار کا سامنا۔

یورپ کے بڑے ایئرپورٹس کو ہفتے کے روز ایک بڑے سائبر حملے کے باعث چیک اِن اور بیگیج ڈراپ کے خودکار نظام بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں کئی پروازیں منسوخ اور دیگر تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ، جو یورپ کا مصروف ترین فضائی مرکز ہے، نے بتایا کہ امریکی کمپنی کولنز ایرو سپیس کے فراہم کردہ سسٹمز میں تکنیکی مسئلہ پیش آیا ہے جس سے مسافروں کو تاخیر کا سامنا ہو رہا ہے۔

برسلز اور برلن ایئرپورٹس نے بھی اپنے بیانات میں اس سائبر حملے سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

امریکی ڈیفنس گروپ آر ٹی ایکس کی ذیلی کمپنی کولنز ایرو سپیس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ’سائبر سے متعلق ایک رکاوٹ‘ کا شکار ہوئی ہے جس کا اثر منتخب ایئرپورٹس پر پڑا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ مسئلہ صرف الیکٹرانک کسٹمر چیک اِن اور بیگیج ڈراپ تک محدود ہے اور اسے مینول آپریشن کے ذریعے جزوی طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برسلز ایئرپورٹ نے بتایا کہ جمعے کی رات سے یہ خرابی جاری ہے اور ہفتے کی صبح تک اس کا حل نہیں نکالا جا سکا۔

ایئرپورٹ کے مطابق اب تک کئی پروازیں منسوخ اور دیگر زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بیان مزید کہا گیا کہ صرف ہوائی اڈے پر مینول چیک اِن اور بورڈنگ کی سہولت دی جا رہی ہے جس کے باعث مسافروں کو لمبی قطاروں اور تاخیر کا سامنا ہے۔

بی بی سی کے مطابق یورپی فضائی نگران ادارے یورو کنٹرول نے برسلز ایئرپورٹ پر پروازوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایئرلائنز کو ہفتے کی صبح چار بجے سے اتوار کی صبح دو بجے تک آنے اور جانے والی پروازوں کا نصف منسوخ کرنے کا کہا ہے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی صورت حال ایئرلائنز سے چیک کریں۔ برلن ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر شائع ایک نوٹس میں کہا گیا کہ یورپ بھر میں استعمال ہونے والے ایک سسٹم میں تکنیکی مسئلے کی وجہ سے چیک اِن پر طویل انتظار کا سامنا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈیلٹا ایئر لائنز نے بتایا کہ اس نے متبادل انتظامات کر لیے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ہوابازی کے شعبے میں سائبر حملوں کے خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

فرانسیسی کمپنی تھالیس کی جون 2025 کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال میں فضائی شعبے پر سائبر حملوں میں 600 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ ایئرلائنز اور ایئرپورٹس سے لے کر نیویگیشن سسٹمز اور سپلائرز تک، ہر کڑی حملوں کا شکار ہو سکتی ہے، اور یہ شعبہ ایک ’اہم ہدف‘ بن چکا ہے۔

گزشتہ سال جولائی میں آسٹریلیا کی ایئرلائن کے 60 لاکھ صارفین کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا تھا جبکہ دسمبر 2024 میں جاپان ایئر لائنز بھی سائبر حملے کا شکار بنی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ