غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین اور فلسطینی حامی کارکنوں نے بدھ کو کہا کہ انہوں نے منگل کو دھماکوں کی آوازیں سنیں اور متعدد ڈرون دیکھے، جنہوں نے بحری بیڑے کی کچھ کشتیوں کو نشانہ بنایا۔
پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جو فلوٹیلا کی ایک کشتی میں سوار ہیں، نے ایکس پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ گذشتہ رات بحری بیڑے پر کم از کم 15 ڈرونز داغے گئے۔
دنیا کے مختلف ممالک کے انسانی حقوق کارکن، سیاست دانوں، ڈاکٹر، وکلا، فنکاروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل تقریباً 50 چھوٹی بڑی کشتیوں کا سمندری بیڑا یونان کی حدود میں داخل ہو چکا ہے۔
کل رات 15 ڈرونز اور 10 حملے ۔۔۔لیکن ہمارا عزم توانا ہے،ہم جھکیں گے نہیں، ہمارا حوصلہ بلند ہے اور ہم غزہ پہنچ کر رہینگے ان شاءاللہ۔
گلوبل صمود فلوٹیلا برائے غزہ کے پرامن، قانونی انسانی امدادی کاروان پر اسرائیلی نسل پرست ناجائز ریاست کی ڈرون حملوں کا عالمی برادری نوٹس لے۔حکومت… pic.twitter.com/HFhqHHdViQ
— Senator Mushtaq Ahmad Khan | سینیٹر مشتاق احمد خان (@SenatorMushtaq) September 24, 2025
اس قافلے میں 45 ممالک کے 500 سے زیادہ افراد شامل ہیں۔
اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں 65 ہزار سے زائد افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔
جنگ اور ناکہ بندی کے باعث غزہ کے رائشیوں کو قحط جیسی صورت حال کا سامنا ہے۔
گلوبل صمود فلوٹیلا نے منگل کی رات ایک بیان میں کہا کہ ’متعدد ڈرونز، نامعلوم اشیا گریں مواصلاتی رابطہ معطل ہو گیا اور متعدد کشتیوں سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم اس وقت خود ان نفسیاتی کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں، لیکن ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔‘
جرمن انسانی حقوق کی کارکن اور فلوٹیلا کی رکن یاسمین آکار نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ پانچ جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ وہ صرف انسانی امداد لے کر جا رہے ہیں۔ ’ہمارے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہے۔ ہمیں کسی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ اسرائیل ہی ہے جو ہزاروں لوگوں کو مار رہا ہے (اور) پوری آبادی کو بھوکا مار رہا ہے۔‘
پہلے کی ایک ویڈیو میں، آکار نے کہا کہ کارکنوں نے ’15 سے 16 ڈرون دیکھے ہیں۔‘
فلوٹیلا کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ایک دھماکہ دکھایا گیا، جس میں کہا گیا کہ اس نے یہ 01:43 +3 جی ایم ٹی پر سپیکٹر بوٹ سے ریکارڈ کیا تھا۔
اسی اکاؤنٹ کی طرف سے پوسٹ کی گئی ایک اور ویڈیو میں، برازیلی کارکن تھیاگو ایویلا نے کہا کہ پس منظر میں ایک اور دھماکے کی آواز سننے سے قبل چار کشتیوں کو ’ڈرون پھینکنے والے آلات سے نشانہ بنایا گیا۔‘
گلوبل صمود فلوٹیلا اس ماہ کے شروع میں بارسلونا سے غزہ کی اسرائیل کی ناکہ بندی کو توڑنے اور علاقے تک امداد پہنچانے کے مقصد سے روانہ ہوا تھا۔
اس سے قبل اسے تیونس میں دو مشتبہ ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا، جہاں یہ قافلہ غزہ کی جانب سفر دوبارہ شروع کرنے سے پہلے لنگر انداز ہو گیا تھا۔
اسرائیل نے پیر کو کہا کہ وہ کشتیوں کو غزہ پہنچنے کی اجازت نہیں دے گا۔