اب چیٹ جی پی ٹی اس وقت بھی آپ کے بارے میں سوچے گا جب آپ سو رہے ہوں گے۔
مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ میں نئی سہولت شامل کی گئی ہے جسے ’پلس‘ (Pulse) کا نام دیا گیا ہے۔
یہ سسٹم رات بھر کام کرے گا تاکہ صارفین کی دلچسپی کے مطابق نئی معلومات تلاش کر سکے۔ یہ ایک کوشش ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو متحرک بنایا جائے، تاکہ وہ نہ صرف صارفین کی باتوں کا جواب دے، بلکہ خود بھی گفتگو کا آغاز کر سکے۔
اس نئے فیچر کی مدد سے چیٹ جی پی ٹی صارفین کے بارے میں پہلے سے موجود معلومات کا استعمال کرے گا، جیسے کہ گذشتہ بات چیت اور ان پر دیا گیا فیڈ بیک۔
اس کے علاوہ وہ دیگر منسلک ایپلی کیشنز جیسے کہ کیلنڈر سے بھی ڈیٹا حاصل کرے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صارفین کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ ’پلس‘ کے ذریعے جمع کی گئی معلومات کے بارے میں اپنا فیڈ بیک دے سکیں، جس سے چیٹ جی پی ٹی کو یہ عمل بہتر بنانے میں مدد ملے گی کہ وہ آپ کو کیا تجویز کرے۔
یہ نظام کارڈز پر مشتمل ہے، جن پر صارفین مزید تفصیل کے لیے کلک کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ان میں آئندہ اجلاس سے متعلق معلومات یا کیلنڈر میں درج کسی سفر کے شیڈول کی تجاویز شامل ہو سکتی ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی نے واضح کیا کہ اس فیچر کا مقصد لوگوں کو مسلسل سکرول کرنے پر آمادہ کرنا یا انہیں ایپ میں روکے رکھنا نہیں ہے۔ اس کے مطابق اَپ ڈیٹس صرف مخصوص دن کے لیے دستیاب رہیں گی، جب تک انہیں محفوظ نہ کر لیا جائے۔
فی الحال یہ فیچر صرف چیٹ جی پی ٹی پلس سبسکرپشن پر دستیاب ہے، جس کے لیے فیس درکار ہوتی ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ فیچر مستقبل میں مزید ترقی کر سکتا ہے اور جیسے جیسے صارفین اس کے ساتھ کام کریں گے یہ بدلتا رہے گا، لیکن اس نے یہ بھی اشارہ دیا کہ یہ چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کا بالکل نیا طریقہ پیش کر سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ’مصنوعی ذہانت سے تعامل کے نئے دور کی طرف پہلا قدم ہے۔‘
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’گفتگو کی صلاحیت، یادداشت اور منسلک ایپلی کیشنز کو یکجا کر کے، چیٹ جی پی ٹی اب محض سوالات کے جواب دینے سے نکل کر ایک ایسے متحرک معاون میں تبدیل ہو رہا ہے، جو آپ کی طرف سے کام کرتا ہے۔
’ہمارا تصور ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ، مصنوعی ذہانت کے یہ نظام آپ کی رہنمائی پر تحقیق کر سکیں گے۔ منصوبہ بندی کر سکیں گے اور آپ کے لیے کارآمد اقدامات اٹھا سکیں گے تاکہ آپ کے نہ کہنے کے باوجود کام ہوتا رہے۔‘
یہ نیا فیچر دراصل اوپن اے آئی کو چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات دکھانے کا موقع بھی دے گا۔ اس وقت چوں کہ صارفین کو ادائیگی کے بغیر سروس دینے پر بہت پیسہ خرچ ہوتا ہے اور کمپنی کو ان سے کوئی کمائی نہیں ہوتی، اس لیے اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اشتہارات کا یہ طریقہ آمدنی بڑھانے کا ایک ممکنہ حل ہو سکتا ہے۔
© The Independent