انڈیا: تمل ناڈو میں سیاسی جلسے میں بھگدڑ سے 36 اموات

اداکار سے سیاست دان بننے والے 51 سالہ وجے کا سیاسی جلسہ جاری تھا کہ اس دوران بڑی تعداد میں لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سٹیج کی طرف لپکے، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہفتے کو اداکار سے سیاست دان بننے والے مقبول رہنما وجے کے انتخابی جلسے میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد جان سے چلے گئے۔

ریاستی وزیراعلیٰ ایم کے سٹالن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کیا: ’میں گہرے دکھ اور کرب کے ساتھ یہ جان کر افسردہ ہوں کہ اب تک 36 افراد، جن میں آٹھ بچے اور 16 خواتین شامل ہیں، جان سے جا چکے ہیں۔‘ 

رکن اسمبلی وی سنتھل بالاجی نے کہا کہ تقریباً 58 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تملگا ویتری کڑگم (ٹی وی کے) پارٹی کے رہنما وجے، جو ایک ہی نام سے جانے جاتے ہیں، جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ ہنگامہ برپا ہو گیا اور انہیں تقریر روکنی پڑی۔

51 سالہ وجے نے اس سانحے پر ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کا ’دل ٹوٹ گیا ہے۔‘

 ان کا کہنا تھا: ’میں کرور میں جان سے جانے والے اپنے عزیز بھائیوں اور بہنوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘

اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہجوم کا ایک بڑا حصہ وجے کی ایک جھلک دیکھنے کے شوق میں سٹیج کے سامنے لگی رکاوٹوں کی طرف لپکا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

ریاستی وزیراعلیٰ نے ’اس المناک واقعے‘ کی تحقیقات کے لیے ایک سابق جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے فی کس 10 لاکھ انڈین روپے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اس واقعے کو ’انتہائی افسوس ناک‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ’میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ اس مشکل گھڑی میں ان کے لیے حوصلے کی دعا کرتا ہوں۔‘ 

انڈیا میں بڑے اجتماعات، خصوصاً مذہبی تقاریب میں ناقص انتظامات اور سکیورٹی میں کوتاہیوں کے باعث جان لیوا بھگدڑ کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔

اس سال جنوری میں انڈیا کے کمبھ میلے میں بھگدڑ سے 30 افراد جان سے چلے گئے اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

گذشتہ جولائی میں اتر پردیش کے شمالی صوبے میں ایک ہندو مذہبی اجتماع کے دوران 121 افراد جان سے گئے۔

رواں سال جون میں بنگلورو میں مقامی ٹیم کی پہلی انڈین پریمیئر لیگ ٹائٹل کی خوشی میں ہونے والی تقاریب کے دوران بھی بھگدڑ سے 11 مداح جان سے چلے گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا