سابق سینیٹر مشتاق احمد نو اکتوبر کو وطن پہنچ جائیں گے: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا: ’سینیٹر مشتاق خیریت سے ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔‘

سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد سات اکتوبر 2025 کو عمان میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے (سکرین گرین/ ویڈیو بذریعہ حسن خان)

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی حراست سے رہا ہونے والے سابق پاکستانی سینیٹر خیریت سے ہیں اور جمعرات (نو اکتوبر) کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تقریباً 45 کشتیوں پر مشتمل بحری قافلہ گلوبل صمود فلوٹیلا، جس پر سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد بھی سوار تھے، اگست کے آخر میں سپین سے روانہ ہوا تھا تاکہ فلسطینی علاقے کی مسلسل اسرائیلی ناکہ بندی توڑی جا سکے، جہاں اقوام متحدہ کے مطابق قحط جیسی صورت حال ہے۔

تاہم اسرائیلی فورسز نے یکم اکتوبر کو غزہ کے پانیوں کے قریب فلوٹیلا میں شامل کشتیوں کو روک کر ان پر سوار کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں سابق پاکستانی سینیٹر بھی شامل تھے۔

پاکستانی حکومت ان کی رہائی کے لیے کوشاں تھی، جس کے بعد منگل کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ سابق سینیٹر مشتاق صاحب کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اردن کے دارالحکومت عمان میں پاکستان کے سفارتخانے کے پاس ہیں۔

بعدازاں منگل کی شب رات گئے اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنی ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ دورہ ملائیشیا سے واپس اسلام آباد پہنچنے پر انہوں نے پاکستان کے سفیر برائے عمان کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق سے فون پر بات کی ہے۔

بقول وزیر خارجہ: ’سینیٹر مشتاق خیریت سے ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔ میں نے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے انسانیت سوز محاصرہ توڑنے کی کوششوں کے طور پر صمود فلوٹیلا میں شرکت پر سینیٹر مشتاق کے حوصلے اور استقامت کو سراہا۔‘

انہوں نے بتایا کہ سینیٹر مشتاق نے پاکستان کے دفترِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا، جس نے ’تل ابیب، اسرائیل میں ایک دوستانہ یورپی ملک کے مشن کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور عمان میں ان کے قیام اور حفاظت کے لیے پاکستانی سفارت خانے کی مکمل معاونت فراہم کی۔‘

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’دفتر خارجہ نے سینیٹر مشتاق کی واپسی کے لیے 9 اکتوبر کو پاکستان پہنچنے کے انتظامات کر لیے ہیں۔‘

 

گذشتہ روز اپنی رہائی کے بعد سابق سینیٹر مشتاق احمد نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ اسرائیلی حراست کے دوران ان کے اوپر ’بندوقیں رکھی گئیں اور بدترین تشدد کیا گیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان