پیرس: چور 7 منٹ میں عجائب گھر سے ’انمول‘ زیورات لے اڑے

طاقتور اوزاروں سے لیس چوروں نے عجائب گھر میں داخل ہونے کے لیے عمارتوں میں فرنیچر رکھنے اور اتارنے والی لفٹ استعمال کی۔

فرانسیسی حکام اور ذرائع نے کہا ہے کہ چور اتوار کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع لوور کے عجائب گھر سے ’انمول‘ زیورات لے اڑے۔

طاقت ور اوزاروں سے لیس چوروں نے دنیا کے مشہور عجائب گھر میں داخل ہونے کے لیے عمارتوں میں فرنیچر رکھنے اور اتارنے والی لفٹ استعمال کی۔

چوروں کو دن دہاڑے دلیری کے ساتھ کی گئی واردات میں صرف سات منٹ لگے۔

ملزموں کی تلاش جاری ہے، جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ چوری کرنے میں ماہر ہیں۔ انہوں نے اس حیران کن چوری کے دوران کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔

فرانس کی ثقافت کی وزیر رشیدہ داتی نے بتایا کہ چوری شدہ اشیا میں سے ایک میوزیم کے قریب پڑی ملی۔

اس چوری نے، جو حالیہ مہینوں میں کسی فرانسیسی میوزیم کو نشانہ بنانے والا تازہ ترین واقعہ ہے، لوور کو باقی دن کے لیے بند کرنے پر مجبور کر دیا۔

لوور وہ میوزیم ہے جہاں دنیا کے مشہور ترین فن پارے رکھے گئے ہیں، جن میں مونا لیزا بھی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چوری کے بعد اہرام مصر کی شکل کے عجائب گھر کے داخلی راستے پر مسلح فوجیوں نے گشت شروع کر دیا جب کہ پولیس کو عمارت کے اندر جاتے دیکھا گیا۔

عجائب گھر کو سیاحوں سے خالی کرا لیا گیا اور قریب سے گزرنے والوں کو پولیس کے لگائے فیتے سے دور رکھا گیا۔ اس دوران عجائب گھر کی قریبی سڑکیں بند کر دی گئیں۔

عجائب گھر نے ایک سیاح کو عمارت میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے کہا ’براہ کرم اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ براہ کرم گھر جا کر ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ کے پیسے واپس لے لیں۔‘

فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نیونیز کا کہنا ہے کہ تین یا چار چوروں نے ’انمول‘ زیوات چرانے کے لیے فرنیچر اتارنے چڑھانے والی لفٹ استعمال کی۔

یہ زیورات میوزیم کی ’اپالو گیلری‘ میں نمائش کے لیے رکھے گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ