امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے 2024 کے صدارتی انتخابی مہم کے ایک حامی کو سرکاری عہدہ دے دیا ہے۔
ان کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ڈیٹرائٹ کے ایک منشیات (چرس) فروش تاجر کو عراق کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کیا گیا ہے۔
مشیگن سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت اور انسٹاگرام پر بااثر شخصیت مارک ساوایا، جن کی صدر کے ساتھ متعدد تصاویر موجود ہیں، کی تقرری کا اعلان صدر ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کیا۔
ٹرمپ نے اتوار کو لکھا ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مارک ساوایا جمہوریہ عراق کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
’عراق اور امریکہ کے تعلقات کی ان کی گہری سمجھ اور خطے میں ان کے روابط امریکی عوام کے مفادات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔‘
ٹرمپ نے مزید لکھا ’مارک میری مشی گن مہم میں ایک اہم کردار ادا کرنے والے شخص تھے، جہاں انہوں نے اور دیگر ساتھیوں نے مسلم امریکیوں کی طرف سے ریکارڈ ووٹ حاصل کرنے میں مدد کی۔ مبارک ہو، مارک!‘
مارک ساوایا کے لنکڈ ان صفحے کے مطابق، ان کا مقامی، ریاستی یا وفاقی سطح پر کوئی سرکاری تجربہ نہیں۔ وہ ڈیٹرائٹ کے نواح میں ایک کاروبار کے مالک ہیں، جہاں انہوں نے لیف اینڈ بڈ کے نام سے بھنگ (marijuana) کے متعدد سٹور قائم کیے۔
یہ برانڈ اپنے جارحانہ بل بورڈ اشتہارات کے لیے جانا جاتا ہے جو شہر کی مشہور اایٹ مائل روڈ پر آویزاں کیے گئے، جس کے بعد شہر کے حکام نے ایسے اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کا قانون منظور کیا۔
ریڈٹ پر موجود ایک تھریڈ کے مطابق جنوری سے اب تک ’لیف اینڈ بڈ‘ کی دو شاخیں بند ہو چکی ہیں اور کمپنی کی ویب سائٹ پر اب صرف تین فعال سٹور درج ہیں۔
ویب سائٹ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت مارک ساوایا سے متعلق مواد، جیسے کہ ’دی مارک ساوایا کلیکشن، ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ ایک خاص انتخاب تھا جس میں ساوایا کی طرف سے خود منتخب کردہ ٹی ایچ سی (THC) مصنوعات شامل تھیں۔
تاہم اتوار تک ویب سائٹ پر ایسے جائزے (ریویوز) اب بھی موجود تھے جن میں ساوایا کا ذکر تھا، جن میں سے ایک میں بتایا گیا کہ ایک سٹور میں ساوایا اور روڈی جولیانی کی مصافحے کی تصویر لگی ہوئی تھی۔
دی انڈیپنڈنٹ نے اتوار کی دوپہر ’لیف اینڈ بڈ‘ سے رابطہ کیا تاکہ ساوایا کے کمپنی میں موجودہ کردار کی تصدیق کی جا سکے۔
ماضی میں انہیں کمپنی کی ویب سائٹ پر سٹورز کے ’ویژنری‘ کے طور پر بیان کیا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ساوایا نے اتوار کی دوپہر انسٹاگرام پر لکھا ’مجھے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے جمہوریہ عراق کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کیے جانے پر بے حد فخر، عاجزی اور شکرگزاری محسوس ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’میں صدر ٹرمپ کی قیادت اور رہنمائی میں امریکہ اور عراق کے درمیان شراکت کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہوں۔ شکریہ، مسٹر صدر۔‘
ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ساوایا کی کمپنی نے ماضی میں 8 مائل روڈ پر ایسے بل بورڈز لگائے تھے جن پر لکھا تھا ’آئیں حاصل کریں، مفت ویڈ (Free weed).‘
ٹرمپ کے بارے میں جانا جاتا ہے کہ وہ ذاتی طور پر منشیات کے استعمال کے مخالف ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں ان کا مؤقف نرم ہوا ہے۔
انہوں نے 2024 میں فلوریڈا میں بھنگ کے تفریحی استعمال کو قانونی حیثیت دینے کے حق میں ریفرنڈم کی حمایت کی تھی۔
تاہم دوسری جانب انتخابی مہم کے وقت وہ منشیات فروشوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ بھی کرتے رہے۔ 2019 میں انہوں نے چین کی تعریف کی تھی کہ وہاں بعض سنگین منشیات سے متعلق جرائم میں سزائے موت دی جاتی ہے۔
جنوری میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے کئی فوجی کارروائیاں شروع کی ہیں جن میں ان جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جن پر امریکہ کا دعویٰ ہے کہ وہ منشیات کی کھیپیں لے جا رہے تھے۔
ان کارروائیوں پر سیاسی حلقوں کے وسیع طبقے نے تنقید کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ حملے امریکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں۔
© The Independent