امریکن ایئر لائنز کا اسرائیل کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

دو سال کی تعطل کے بعد یہ اقدام اسرائیل آنے جانے والے مسافروں کے لیے اہم پیش رفت ہے، جبکہ دیگر عالمی ایئر لائنز بھی اپنی سروسز بحال کرنے جا رہی ہیں۔

20  ستمبر 2025 کو امریکن ایئر لائنز کا بوئنگ 737-823 آرلنگٹن ورجینیا کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پہنچ رہا ہے (ڈینیئل سلم/ اے ایف پی)

غزہ میں فائر بندی کے بعد امریکن ایئر لائنز نے اتوار کو مارچ سے اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب امریکی فضائی کمپنی نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی دو سالہ جنگ کے دوران نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ سے تل ابیب کے لیے پروازیں بند کر دی تھیں۔

امریکن ایئر لائنز کے مطابق جے ایف کے سے تل ابیب کے لیے پروازیں 28 مارچ سے دوبارہ شروع ہوں گی۔

امریکہ کی دیگر فضائی کمپنیوں، ڈیلٹا اور یونائیٹڈ نے پہلے ہی اسرائیل کے لیے پروازیں بحال کر دی ہیں۔

سات  اکتوبر کے بعد متعدد غیر ملکی ایئر لائنز نے تل ابیب کے لیے پروازیں بند کر دی تھیں اور گذشتہ دو برسوں میں ایران اور یمن کی جانب سے وقفے وقفے سے میزائل حملوں کے باعث ان کی بیشتر پروازیں معطل رہیں۔

اس دوران زیادہ تر بین الاقوامی روٹس پر صرف اسرائیل کی قومی ایئر لائن ’ایل ال‘ اور مقامی کمپنیوں ’آرکیا‘ اور ’اسرایئر‘ کی پروازیں جاری رہیں۔ اس دوران زیادہ مسافروں اور پروازیں کم ہونے کی وجہ سے ہوائی کرایوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے فائر بندی معاہدے کے بعد متعدد غیر ملکی ایئر لائنز نے دوبارہ تل ابیب کے لیے پروازیں شروع کر دی ہیں۔

برٹش ایئرویز، ایس اے ایس، آئبیریا اور سوئس ایئر لائن رواں ہفتے اپنی سروس بحال کرنے والی کمپنیوں میں شامل ہیں۔

امریکن ایئر لائنز کے دوبارہ پروازیں شروع ہونے کے بعد یہ امریکہ سے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں چلانے والی پانچویں فضائی کمپنی بن جائے گی۔ دیگر کمپنیوں میں ایل ال، آرکیا، ڈیلٹا اور یونائیٹڈ شامل ہیں۔

یونائیٹڈ ایئر لائن کے مطابق نیویارک سے روزانہ پروازوں کے علاوہ، وہ نومبر میں واشنگٹن اور شکاگو سے بھی تل ابیب کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔

اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق تل ابیب کے قریب بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسافروں کی آمد و رفت 2025 کے ابتدائی نو ماہ میں 25 فیصد بڑھ کر ایک کروڑ 36 لاکھ تک پہنچ گئی۔ ایل ال کی مارکیٹ میں حصہ ایک سال کے دوران 44 فیصد سے کم ہو کر 32.5 فیصد رہ گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا