انڈیا نے اتوار کو ممبئی میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔
آج ڈی وائی پٹیل سٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں جنوبی افریقی کپتان لورا وولوارٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
انڈیا نے شفالی ورما اور دیپتی شرما کی نصف سینچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو 299 رنز کا ہدف دیا، جسے جنوبی افریقہ پورا نہ کر سکی اور 46 ویں اوور میں 246 رنزپر آل آؤٹ ہو گئی۔
اسی میدان پر انڈیا نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 339 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کیا تھا۔
میزبان انڈیا نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور بائیں ہاتھ کی بیٹر اسمرتی مندھانا (45 رنز) اور دیپتی (87 رنز) نے مسلسل باؤنڈریز لگا کر مخالف گیند بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
دونوں نے مل کر 104 رنز کی ابتدائی شراکت داری دکھائی۔ جنوبی افریقہ نے 17ویں اوور میں سپن متعارف کرائی اور اگلے اوور میں بائیں ہاتھ کی سپنر کلوئی ٹرون نے فارم میں موجود مندھانا کو آؤٹ کر کے کامیابی حاصل کی، جو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔
سیمی فائنل میں زخمی پارتیکا راول کی جگہ ٹیم میں شامل کی گئیں شفالی کو 56 رنز پر دوسرا موقع ملا جب سپنر سنے لوس کی گیند پر اینیکے بوش نے ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔
بعد ازاں وہ میڈیم فاسٹ بولر ایابونگا کھاکا کو ایک غیر ضروری شاٹ کھیل کر مڈ آف پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئیں۔
اگلے اوور میں کھاکا نے سیمی فائنل کی ہیرو جمیما روڈریگز کو 24 رنز پر آؤٹ کر کے انڈیا کی رفتار کو سست کر دیا۔
دیپتی اور کپتان ہرمن پریت کور نے ایک بار پھر اننگز کو سنبھالا اور جنوبی افریقہ کی کفایتی بولنگ کے باوجود پارٹنرشپ بنانے پر توجہ دی۔
ہرمن پریت اور امنجوت کور کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈیا کچھ پیچھے نظر آیا، مگر دیپتی کو رچّا گھوش کا ساتھ ملا جنہوں نے 34 رنز بنائے اور دونوں نے مل کر ٹیم کو ایک مضبوط ہدف تک پہنچا دیا۔
299 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی کپتان اور اوپنر لارا ولورٹ (101 رنز) جب تک کریز پر رہیں، ان کی ٹیم کے جیتنے کے امکانات روشن رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے تزمین بریٹ (23 رنز) کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔
بریٹ کے 10ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد 12اوور میں دوسری وکٹ بھی بوش (0 رن) کی صورت میں گر گئی۔
جنوبی افریقہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، لیکن ایک اینڈ کو ولورٹ نے سنبھالے رکھا۔
وہ 42 ویں اوور میں 220 رنز پر دیپتی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔ انہوں نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 98 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔
ان کے پویلین لوٹنے کے بعد باقی جنوبی افریقی بیٹرز انڈیا کے سامنے مزاحمت نہ کر سکیں اور 246 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
2005 اور 2017 میں رنرز اپ رہنے والے انڈیا کا یہ تیسرا فائنل تھا۔