پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیوں میں سات عسکریت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کیا، جس میں چار عسکریت پسند مارے گئے۔
ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔ اسی طرح ضلع ٹانک میں ایک عسکریت پسند کی موت ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر افسروں اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمعرات کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک اس جنگ کو جاری رکھیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر حملہ
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا جانے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے دھماکے میں جان سے جانے والے دو اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
اس سے قبل ایک اور بیان میں پاکستان فوج نے جمعرات کو کہا کہ ملک کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کے خلاف دو کارروائیوں میں 23 جنگجو مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 19 نومبر کو ضلع کرم کے دو الگ الگ مقامات پر کی گئیں۔