پاکستان میں پہلے بین الاقوامی مقابلہ قرأت کے لیے دنیا بھر سے شرکا کی آمد

ایونٹ دو مرحلوں میں 24 سے 29 نومبر تک اسلام آباد میں ہوگا، جس کا مقصد فن تجوید و قرأت کے فروغ کے ساتھ مسلم ممالک کے درمیان بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔

21 نومبر 2025 کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مقابلہ قرأت 2025 کے شرکا کی آمد (ریڈیو پاکستان)

پاکستان میں پہلے بین الاقوامی مقابلۂ قرأت کے لیے دنیا کے متعدد ممالک سے شرکا کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ مقابلہ آئندہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

اسلام آباد میں ہفتے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایونٹ کے منتظم اور جج قاری صداقت علی نے بتایا کہ مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم کے 40 ممالک کے قاری شرکت کریں گے۔

قاری صداقت نے بتایا کہ ایونٹ دو مرحلوں میں 24 سے 29 نومبر تک اسلام آباد میں ہوگا، جس کا مقصد فن تجوید و قرأت کے فروغ کے ساتھ مسلم ممالک کے درمیان بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایونٹ سے نہ صرف قرآنِ پاک کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے پاکستان کا مثبت تاثر بھی دنیا بھر، خصوصاً اسلامی ممالک میں اجاگر ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک چاڈ، صومالیہ اور گھانا سے قاری اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں وزارت کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

مصر کے الشیخ ڈاکٹر حمد اللہ حفیظ محمد ابراہیم، بحرین کے قاری حمزہ معیذ احمد علی، اردن کے قاری احمد بکر حسن اور فلسطین کے قاری نبیل محمد علی شریباتی بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

اسی طرح قزاقستان کے قاری یوگل مان محمد، مالی کے قاری دیالو امدو اور موریطانیہ کے قاری احمد احمد مسکے بھی پاکستان پہنچیں گے۔

شیڈول کے مطابق گروپ-1 اور گروپ-2 کے ابتدائی مقابلے 24 سے 27 نومبر تک اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے آڈیٹوریم میں ہوں گے جبکہ 29 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر میں گرینڈ پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب منعقد ہوگی، جہاں کامیاب امیداروں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

افتتاحی اور اختتامی دونوں سیشنز میں اعلیٰ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا