2025 میں پاکستانی انٹرنیٹ پر کیا ڈھونڈتے رہے؟ گوگل نے اس بارے میں رپورٹ جاری کر دی ہے، جو صرف ایک فہرست نہیں، بلکہ قوم کی پسند، ناپسند اور ضرورتوں کا آئینہ ہے۔
سب سے پہلے بات ہو جائے اس چیز کی جس کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، یعنی کرکٹ، جس کا بخار سرچ انجن پر چھایا رہا۔ شائقین نے سب سے زیادہ جنوبی افریقہ، انڈیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچوں کو سرچ کیا۔ اس کے علاوہ نئے ٹیلنٹ نے بھی خوب توجہ سمیٹی۔ انڈیا سے کشیدگی کے باوجود ابھیشیک شرما سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔ ان کے بعد حسن نواز اور عرفان خان نیازی وہ نام ہیں جنہیں پاکستانیوں نے بار بار گوگل کیا۔
کرکٹ کے میدان سے نکل کر تفریح کی دنیا میں قدم رکھیں تو یہاں ہمارے مقامی ڈرامے سب سے آگے رہے۔ ’شیر‘، ’جڑواں‘ اور ’آس پاس‘ جیسے ڈراموں کے نام سرچ میں سرِفہرست رہے۔
2025 صرف تفریح کا سال نہیں تھا، بلکہ پاکستانیوں نے ٹیکنالوجی اور حالاتِ حاضرہ میں بھی گہری دلچسپی لی۔ سونے کے نرخ اور بین الاقوامی حالات، خصوصاً ایران سے متعلق خبریں بھی بہت پڑھی گئیں۔ مصنوعی ذہانت کے لیے تجسس بڑھا، جس میں ’Gemini‘ اور ’Google AI Studio‘ سرِفہرست رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لائیو میچ دیکھنے کے لیے ’myco‘ اور ’Tamasha‘ جیسی سٹریمنگ ایپس سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ اور سرچ کی گئیں۔
عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لیے بھی گوگل کا رخ کیا۔ کراچی اور دریائے چناب میں سیلاب کی صورت حال ہو، یا پھر سرکاری اقدامات، لوگوں نے ہر بڑی خبر پر نظر رکھی۔ خصوصاً ’پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری‘، ’آسان کاروبار کارڈ‘ اور ’وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم 2025‘ کے بارے میں تفصیلات جاننے کا رجحان بہت زیادہ رہا۔ سٹوڈنٹس نے امتحانی نتائج اور فیڈرل بورڈ کی اپ ڈیٹس کے لیے بھی گوگل کا خوب استعمال کیا۔
پاکستانی کھانے پینے کے بھی شوقین ہیں۔ 2025 روایتی پسندیدہ کھانوں مثلاً مٹن، بیف، میٹھے پکوان، سوپ بنانے کی تراکیب کے ساتھ ٹوفو، سینڈوچ اور کینوا کی ترکیبیں بھی تلاش کی گئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لیکن اس سال کا سب سے دلچسپ حصہ ’How-To‘ کا سیکشن تھا۔ کراچی میں نئے ای-چالان سسٹم نے سب کو چکرا کر رکھ دیا۔ شہریوں نے سب سے زیادہ یہ سرچ کیا کہ یہ چالان سسٹم آخر کام کیسے کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کار انشورنس، سرمایہ کاری کے طریقے، اور یہاں تک کہ ’Ghibli-style‘ آرٹ بنانے کے طریقے بھی پاکستانیوں کی دلچسپی کا مرکز رہے۔
تاہم جو چیز ان نتائج سے غائب ہے وہ سیاست ہے۔ سب جانتے ہیں کہ پاکستانوں کا پسندیدہ مشغلہ سیاست ہے مگر گوگل نے کسی وجہ سے اس بارے میں لب سیے رکھے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں ہونے والی چار روزہ جنگ پاکستانیوں کے لیے سال کی سب سے بڑی خبر تھی، اور ظاہر ہے انہوں نے اسے بھی خوب سرچ کیا ہو گا، لیکن وہ بھی ان نتائج میں شامل نہیں ہے۔
ایک اور چیز جس کی کمی کھلتی ہے وہ ہے اسرائیل کی غزہ کے خلاف جنگ۔ پاکستانیوں کو اس بارے میں خاصی تشویش رہی اور یہ سال بھر خبروں کا بھی اہم موضوع تھا، لیکن گوگل نے اپنے سالانہ تجزیے میں کسی وجہ سے اس کے نتائج بھی شامل کرنا ضروری نہیں سمجھا۔
ایکس پر 2025 میں پاکستانیوں کے پسندیدہ رجحانات
دوسری جانب ایکس پر 2025 کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ اس برس پاکستانی صارفین سیاسی سرگرمیوں، کرکٹ، عسکری معاملات اور ثقافتی مباحثوں میں بھرپور انداز میں مصروف رہے۔ سیاسی ہیش ٹیگز بالخصوص سابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں چلنے والے ٹرینڈز سرفہرست رہے، جبکہ کرکٹ کے عالمی مقابلوں نے بھی عوام کی توجہ حاصل کیے رکھی۔ ایکس پر اہم رجحانات یہ رہے:
سیاست: سیاسی میدان میں عمران خان کی حمایت اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید ٹرینڈز کا محور رہی۔ احتجاج اور الیکشن کے دوران #PakistanLovesImranKhan، ’قومی نشہ عشق عمرانیہ‘ اور ’خان قوم تیرے سنگ رہے گی‘ جیسے ہیش ٹیگز پر چار لاکھ سے چھ لاکھ تک ٹویٹس کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایکس پر سیاسی گفتگو کا 60 فیصد سے زائد حصہ پی ٹی آئی کے حامیوں کی طرف سے دیکھنے میں آیا۔
کرکٹ: کھیل ہمیشہ کی طرح مقبول ترین موضوع رہا۔ ایشیا کپ، پی ایس ایل اور پاک سری لنکا میچوں پر لاکھوں کی تعداد میں تبصرے کیے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرحد پار کشیدگی کے باوجود انڈین کرکٹر ابھیشیک شرما بھی موضوع بحث رہے۔
تفریح و سماجی مسائل: تفریحی دنیا میں طلحہ انجم (Spotify Wrapped)، ’شیر‘ اور ’جڑواں‘ جیسے ڈرامے زیر بحث رہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں سیلاب، پشاور جلسہ اور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری جیسے موضوعات پر بھی عوام نے ایکس کا رخ کیا۔
آپ بتائیے آپ نے اس سال سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟
