خیبر پختونخوا میں شدید بارش اور برف باری کی پیش گوئی، ہائی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 25 جنوری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا اور 26 جنوری کو شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

مسافر 23 جنوری، 2026 کو مری کی برف سے ڈھکی ہوئی سڑک پر گاڑیاں چلا رہے ہیں (اے ایف پی)

خیبر پختونخوا میں صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار کو ایک ہدایت نامے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کو کہا ہے کہ وہ اس ہفتے صوبے میں متوقع شدید بارشوں اور برف باری کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اس ہفتے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 25 جنوری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا اور 26 جنوری کو شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

اس نظام کے باعث منگل تک ان علاقوں میں شدید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

جمعرات کی رات خیبر اور سوات کے شمال مغربی اضلاع کی انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن کیے اور مختلف مقامات پر گاڑیاں پھنس گئیں۔

سوشل میڈیا پر جاری فوٹیج میں ریسکیو اہلکاروں کو دکھایا گیا جو تیرہ روڈ، ملم جبہ روڈ اور نتھیا گلی میں بھاری برف باری کے باعث پھنسے لوگوں کی مدد کر رہے تھے۔

پی ڈی ایم اے نے اپنے ہدایت نامے میں کہا ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں، شاہراہوں اور سیاحتی مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنانی چاہیے، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو چوکنا رکھنا چاہیے، اور کنٹرول رومز اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنی چاہیے۔

اس کے علاوہ ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کریں اور برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق بروقت انتباہ جاری کریں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ 25 سے 27 جنوری کے دوران بارش اور برف باری سے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند ہونے، پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودے گرنے اور اچانک سیلاب کا خطرہ ہے، جس سے عام عوام اور سیاح متاثر ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتھارٹی نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ برف باری اور شدید بارشوں کے دوران بالائی اور دور دراز علاقوں کا رخ نہ کریں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

پاکستان بھر سے ہزاروں سیاح موسمِ سرما میں کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی اور پنجاب کے خوبصورت مقامات کا رخ کرتے ہیں۔

تاہم شہری اکثر خراب موسم اور سڑکوں کی بندش سے متعلق حکام کی وارننگز کو نظر انداز کرتے ہیں، جس سے ہنگامی حالات پیدا ہوجاتے ہیں۔

جنوری 2022 میں، مری میں شدید برفانی طوفان کے دوران کم از کم 21 افراد اپنی گاڑیوں میں پھنس کر جان سے چلے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان