فون میں موجود ڈیٹا مکمل طور پر کیسے ختم کیا جائے؟

اکثر لوگوں کے خیال میں فیکٹری سیٹنگ ری سیٹ کرنے سے ڈیٹا مکمل طور پر ڈیلیٹ ہوجاتا ہے، لیکن ایسا نہیں ہوتا اور ڈیٹا کو مختلف ٹولز اور ایپلی کیشنز کے ذریعے دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

محمد ارسلان اشرف ڈیجیٹل ریسرچ تھنک ٹینک ’بائٹس فار آل’ میں  ڈیجیٹل سکیورٹی ریسرچر اور ٹرینر ہیں۔ ان کے خیال میں رابی پیر زادہ جیسے کیسز تب زیادہ سامنے آتے ہیں جب آپ اپنا فون مقامی مارکیٹ میں جا کر فروخت کرتے یا ٹھیک کرواتے ہیں کیونکہ ان کے پاس آپ کا پاس ورڈ ہوتا ہے اور آپ کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ فون سے ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہونے کے باوجود ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

فون کا ڈیٹا کس طرح مکمل طور پر ڈیلیٹ کیا جائے؟ اس کے حوالے سے ارسلان نے انڈپینڈنٹ اردو کو کچھ ٹپس بتائیں۔

 ارسلان کہتے ہیں کہ بہتر یہی ہے کہ :

1۔ اپنا فون کبھی فروخت مت کریں۔

2۔ فون میں موجود تمام ڈیٹا کا بیک اپ لیں، اس کے بعد اسے فون سے ڈیلیٹ کرکے فون کو فیکٹری سیٹنگ پر ری سیٹ کریں۔ اس کے بعد اس میں مزید غیر ضروری ڈیٹا ڈالیں اور اسے پھر سے ڈیلیٹ کریں۔ یہی عمل دو سے تین بار دہرائیں۔ اس سے آپ کا ضروری ڈیٹا خود بخود ختم ہو جائے گا اور کوئی اس تک نہیں پہنچ سکے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

3۔ فون اور لیپ ٹاپ کے لیے کچھ ایسے سافٹ ویئرز ہیں، جن کے ساتھ آپ اپنے فون کا پورا ڈیٹا مکمل طور پر ڈیلیٹ کر سکتے ہیں جیسے کہ سی کلینر اور اریزر، آپ فون لیپ ٹاپ کے ساتھ لگائیں اور سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا ڈیلیٹ کریں۔ یہ ڈیٹا دوبارہ حاصل نہیں کیا جاسکے گا۔

4۔ فون فروخت کرنے سے پہلے اس میں سے اپنی سم اور میموری کارڈ نکال لیں۔

5۔ فون کسی جاننے والے کو ہی فروخت کریں، جس پر آپ کو اعتماد ہو۔

6۔ یہ طریقہ کار اینڈروئیڈ اور آئی فون دونوں کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔

ارسلان کہتے ہیں کہ زیادہ تر ڈیٹا لیک ہونے کے کیسز موبائل شاپس سے ہی شروع ہوتے ہیں، جیسے اگر آپ فون ٹھیک کروانے جاتے ہیں تو سر پر کھڑے ہوکر فون ٹھیک کروائیں ورنہ آپ فون ٹھیک کرنے والوں کو اپنا پاس ورڈ دے دیتے ہیں اور وہ آپ کا ڈیٹا فون سے نکال سکتے ہیں۔ دوسرا جب آپ فون فروخت کرتے ہیں تو اگر فون سے ڈیٹا ڈیلیٹ نہیں کیا گیا تو خریدنے والا بھی آپ کے فون میں موجود ڈیٹا تک با آسانی رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی