’میرے پاس تم ہو‘: آخری قسط اس ہفتے ٹی وی پر نہیں آئے گی

پاکستان میں مقبول ترین اس ڈرامے کی آخری قسط رواں ہفتے 18 جنوری کو نشر ہونی تھی۔

ڈرامے کے مرکزی اداکاروں میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، عائزہ خان، حرا مانی اور شیث سجاد گُل (چائلڈ سٹار) شامل ہے(تصویر: سوشل میڈیا)

پاکستان کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط جو رواں ہفتے 18 جنوری کو نشر ہونی تھی، جو اب 25 جنوری کو سینما پر دکھائی جائے گی۔

اے آر وائی انٹرٹینمنٹ چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرجیس سیجا نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس ڈرامے کی آخری قسط سینما میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کی آخری قسط کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے سینما گھروں نمائش کے لیے پیش ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق کراچی میں ایک خصوصی شو کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جس میں اس ڈرامے کی کاسٹ بھی شریک ہوگی۔

جرجیس سیجا نے تصدیق کی کہ ڈراما ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط نسبتاً طویل ہوگی اور یہ 60 منٹ سے کچھ زیادہ دورانیے کی ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ وہ ‘میرے پاس تم ہو‘ کی کامیابی پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے سوچ رہے ہیں کہ اب آگے کیا کرنا ہے کیونکہ اتنی شہرت کو برقرار رکھنا بھی ایک دشوار کام ہے۔

اس ڈرامے کی سینما میں نمائش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کچھ سال قبل ان کے لکھے ہوئے ڈرامے ’پیارے افضل‘ کی آخری قسط بھی سینما میں نشر کی گئی تھی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس ڈرامے کے ٹی وی ناظرین کو اب ایک ہفتہ مزید انتظار کرنا ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔‘

’میرے پاس تم ہو‘ کے مرکزی اداکاروں میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، عائزہ خان، حرا مانی اور شیث سجاد گُل (چائلڈ سٹار) شامل ہے۔

یہ ڈراما خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں میں بھی بے پناہ مقبول ہے۔ خلیل الرحمٰن قمر کے تحریر کردہ اس ڈرامے کے مکالمے خاص طور پر بہت پسند کیے جا رہے ہیں۔ ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں اور اسے اے آر وائی ڈیجیٹل پر سکس سگما پلس کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈرامے کی کہانی ایک ایسی خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو دولت کی خاطر اپنے شوہر اور بچے کو چھوڑ کر چلی جاتی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی