کیا آپ ’دنیا کی بد ترین بلی‘ کو گود لینا چاہیں گے؟

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں جانوروں کا ایک شیلٹر ہاؤس اپنی پرڈیٹا نامی بلی کے لیے ایک نیا گھر ڈھونڈنے کے حوالے سے پرامید ہے۔

 پرڈیٹا ’سنگل ہے اور ایسے انسان کے ساتھ رہنے کو تیار ہے جو ذاتی سپیس کو سمجھتا ہو۔‘(تصویر: میچل کاؤنٹی اینیمل ریسکیو آرگنائزیشن فیس بک)

اب آپ ’دنیا کی بد ترین بلی‘ کو گود لے سکتے ہیں۔

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں جانوروں کے تحفظ کی تنظیم ’میچل کاؤنٹی اینیمل ریسکیو آرگنائزیشن‘ اپنی پرڈیٹا نامی بلی کے لیے ایک نیا گھر ڈھونڈنے کے حوالے سے پرامید ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹٹد پریس کے مطابق ایشویل شہر سے 89 کلومیٹر دور اس شیلٹر ہاؤس نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ اس امید میں کہ کوئی پرڈیٹا کو گود لے لے، وہ اس کی گود لینے کی فیس بھی معاف کرنے کو تیار ہے۔

پرڈیٹا کی تصاویر کے ساتھ ایک مزاحیہ پوسٹ میں میچل کاؤنٹی اینیمل ریسکیو آرگنائزیشن نے غصیلی بلی کے بارے میں لکھا کہ اسے ’کتے، بچے، ڈکسی چکس (ایک امریکی بینڈ)، ڈزنی کی فلمیں، کرسمس اور گلے سے لگنا‘ بالکل پسند نہیں۔  

شرارتی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ پرڈیٹا کو چھپنا، بیمار ہونے کی اداکاری کرنا اور ’آپ کی روح میں اس گہرائی سے دیکھنا کہ آپ کو ایسا لگنے لگے کہ اب آپ کبھی خوش نہیں ہوں گے‘ پسند ہے۔

 

پوسٹ کے مطابق پرڈیٹا ’سنگل ہے اور ایسے انسان کے ساتھ رہنے کو تیار ہے جو ذاتی سپیس کو سمجھتا ہو۔‘

اخبار ’دا شارلٹ آبزرور‘ کے مطابق شیلٹر ہاؤس کی ڈائریکٹر ایمبر لوری کا کہنا ہے کہ چار سالہ پرڈیٹا کرسمس سے ایک رات قبل ان کے پاس آئی، تب سے شیلٹر میں آنے والے مہمانوں کو بتانا پڑ رہا ہے کہ وہ آنے جانے والوں کو اپنی طرف کھینچنے کی پرڈیٹا کی کوششیوں سے مائل نہ ہوں کیونکہ اس کے پنجرے کی جانب جانا ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انھوں نے کہا: ’میں ابھی اس کو دیکھ رہی ہوں، وہ اپنے بستر میں لیٹی بڑی پیاری اور میٹھی لگ رہی ہے مگر جیسے ہی آپ اسے پیار سے ہاتھ لگانے کی کوشش کریں گے تو وہ آپ کو مارے گی۔ ہمیں لگا کہ وہ تکلیف میں ہے اور ہم اسے ڈاکٹر کے پاس بھی لے گئے جنھوں نے کہا یہ بلی بس بدتمیز ہے۔‘

اس فیس بک پوسٹ کو ہزاروں لائکس مل چکے ہیں۔ اس کے بعد ایک پوسٹ میں شیلٹر ہاؤس نے بتایا کہ اسے گود لینے کے لیے 50 افراد درخواست جمع کروا چکے ہیں۔

ایک شخص نے شیلٹر ہاؤس کے فیس بک پیج پر لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پرڈیٹا کو اس کے خوابوں کا گھر مل جائے، جس پر شیلٹرکا جواب آیا، ’ہم بھی۔۔۔ بلکہ جلدی ہی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا