ملک ریاض نے کچھ عرصہ پہلے خریدا ہوا 'آپ نیوز' چینل اچانک بند کردیا

چینل کی انتظامیہ نے 'ناگزیر قانونی اور تکنیکی وجوہات' کی بنا پر چینل اچانک بند کر دیا، تقریباً 650 ملازمین صورتحال سے پریشان۔

آپ نیوز چینل بند ہونے کی خبر رپورٹ ہونے کے بعد چینل کے کراچی بیورو کا ایک منظر (سوشل میڈیا)

نجی ٹیلی ویژن چینل 'آپ نیوز' کی انتظامیہ نے ہفتے کو اچانک چینل بند کرنے کا اعلان کر دیا جس کی بنا پر چینل سے وابستہ سینکڑوں کارکن بے روزگار ہو گئے۔

پاکستان میں میڈیا گذشتہ دو سال سے معاشی بدحالی کے شکار ہے۔ اسی دوران کئی نیوز چینلز میں متعدد بار ڈاؤن سائزنگ کی گئی جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر معمول بن گیا ہے۔

بحریہ ٹاؤن کے مالک اور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے یہ چینل اگست میں خریدا تھا۔ اس وقت سے یہاں مبینہ طور پر تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر شروع ہو گئی تھی۔

اب کرونا وبا پھیلنے کے بعد ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران آپ نیوز کی انتظامیہ نے ایک ای میل کے ذریعے چینل بند کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے آج (ہفتے) کو شام پانچ بجے چینل بھی آف ایئر کردیا۔

آپ نیوز بند کیوں کیا گیا؟
آپ نیوز کے ڈائریکٹر نیوز عمران میر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ چینل کی بندش سے ملک بھر میں 650 کے قریب ملازمین اچانک بے روزگار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ چینل بالکل ٹھیک چل رہا تھا اور مالکان کو ریٹنگ کے معاملے پر بھی کوئی شکایت نہیں تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

'تنخواہیں البتہ تاخیر سے ضرور ملتی تھیں لیکن گذشتہ ماہ وہ بھی کلیئر کر دی گئی تھیں لیکن اب اس طرح اچانک بندش سے صحافی معاشی مشکلات کا شکار ہوجائیں گے۔'

انہوں نے بتایا کہ نشریات اچانک بند کرنے سے پہلے مالکان نے پیشگی اطلاع نہیں دی تھی، مالکان سے جب چینل بند کرنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ اس چینل کا لائسنس ان کے نام نہیں ہوسکا اور دیگرتکنیکی وجوہات بھی ہیں لہٰذا چینل بند کر رہے ہیں۔

ملک ریاض سے منسوب ملازمین کے نام ای میل میں کہا گیا کہ اپنے نام سے چینل کا لائسنس خرید کر دوبارہ چینل شروع ہوگا تو آپ نیوز کے ملازمین کو ترجیح دی جائے گی۔

آفیشل ای میل میں مزید کہا گیا کہ اپریل کی تنخواہ بھی ادا کر دی جائے گی اور اگلے تین ماہ تک آدھی تنخواہ بھی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کر دی جائیں گی۔

چینل کی فروخت اورملازمین کا ردعمل

مالکان نے 2018 میں اردو چینل آپ نیوز اور انگریزی زبان میں انڈس ٹی وی شروع کیا تھا۔ تمام انتظامی امور معروف اینکر آفتاب اقبال کو سونپے گئے تھے اور انہیں شیئرز دے کر شراکت دار بھی بنایا گیا تھا۔

اگست میں سابق مالکان نے یہ دونوں چینل ملک ریاض کو فروخت کر دیے، جنہوں نے اپنے ملازمین کے ذریعے اس کا انتظام سنبھال لیا۔ اس دوران بعض پرانے ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا اور کئی نئے لوگ بھرتی کیے گئے۔

اینکر پرسن مبشر لقمان نے بھی ملک ریاض کے چینل خریدنے کے بعد یہاں پروگرام شروع کیا۔  تاہم دوماہ پہلے آفتاب اقبال نے 'ذاتی وجوہات' کی بنا پر آپ نیوز میں اپنا پروگرام بند کردیا اور نیو نیوز کے ساتھ پروگرام کا معاہدہ کرلیا۔

آپ نیوز لاہور کے کرائم رپورٹر عدنان خالد نے چینل کی بندش کے بعد ردعمل میں کہا کہ تمام صحافیوں کی طرح وہ بھی کرونا وائرس سے متعلق رپورٹنگ میں مصروف تھے اور وہ لاک ڈاؤن کی صورت حال پر لائیو بیپر کے لیے ڈی ایس این جی کے ساتھ باہر گئے تو دفتر سے انہیں فون آیا کہ واپس آجائیں چینل بند ہوچکا ہے۔ اتنی دیر میں انہیں آفیشل ای میل بھی موصول ہوگئی۔

عدنان نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر بے روزگاری سے پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔ 'ان دنوں جب لاک ڈاؤن میں پیسوں کی زیادہ ضرورت ہے ایسے میں بے روزگاری کرونا وائرس لاحق ہونے سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے۔'

صحافتی تنظیموں نے آپ نیوز کی بندش پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بے روزگار ہونے والے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی