کرونا وبا کی وجہ سے پاکستانی فنکار عید کیسے منائیں گے؟

پاکستان میں کرونا وبا کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ ایسے میں شوبز کی شخصیات عید پر کیا پروگرام بنا رہی ہیں، دیکھیے اس ویڈیو میں۔

پاکستان میں کرونا (کورونا) وبا کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے میں شوبز کی نامور شخصیات بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں۔

عید کے موقعے پر ان کی رنگا رنگ زندگی بھی پھیکی پڑ چکی ہے اور بہت سے فنکاروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ یہ عید سادگی سے منائیں گے۔

اکثر فنکاروں کی عید زیادہ تر ایک چینل سے دوسرے چینل کے پروگرامز میں دوڑتے گزرتی تھی۔  تاہم اس سال بہت سے فنکار عید انتہائی سادگی سے منانے کا اعلان کرچکے ہیں۔

اداکارہ ژالےسرحدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ صرف اپنے قریبی رشتے داروں سے عید ملنے جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ انہوں نے عید پر نئے کپڑے نہیں بنائے اور اس کے پیسے کسی ضرورت مند کو دیں گی۔

امر خان نے بھی کرونا وبا کے پیشِ نظر کہا کہ وہ عید سادگی ہی سے منائیں گی، کسی قسم کی شاپنگ نہیں کریں گی اور مشکلات کے شکار لوگوں کی مدد کریں گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اداکارہ اُشنا شاہ اس مرتبہ بذریعہ سڑک لاہور جائیں گی اور اپنی والدہ اور بہنوں کے ساتھ گھر میں رہ کر عید منائیں گی۔

سارہ لورین نے کہا کہ وہ عید اپنے گھر والوں کے ساتھ منائیں گی۔ وہ کہتی ہیں کہ پاکستانی قوم کو صبر کے ساتھ کام لینا ہوگا کیوںکہ وبا کی وجہ سے مشکل وقت ہے۔

بلال اشرف نے کہا کہ وہ اس مرتبہ عید پرسب کے لیے بہت سارا کھانا بنائیں گے اور باقی سب کو بھجوائیں گے۔

اداکار جنید خان نے کہا کہ عید گذشتہ سال کی طرح تو نہیں منائی جاسکے گی تاہم محبت بانٹنے کی کوشش ضرور کی جائے گی۔ 'وبا کی وجہ سے سماجی دوری ضروری ہے تاہم اگر کسی سے کوئی ناراضی ہو تو اُسے ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔'

پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ نایاب خان نے کہ وہ اپنی گھر والوں کے ساتھ گھر میں رہ کر ہی عید کا دن گزاریں گی۔

زباب رعنا نے کہا کہ اس بار کووڈ۔ 19 کی وجہ سے عید بہت مختلف ہے۔ 'اس وقت عوام کو مدد کی ضرورت ہے، ہمیں اکثر معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہمارے آس پاس کون ہے جو مدد کا طلب گار ہے تاہم اس مرتبہ ہمیں سب کا خیال رکھنا ہوگا۔'

مشہور ماڈل فہمین انصاری نے کہا چونکہ کووڈ۔ 19 کا خطرہ ختم نہیں ہوا لہٰذا سماجی دوری رکھنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے، اس لیے عید کے موقعے پر خود کو گھر تک محدود رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار میں تو رش برداشت ہوجاتا ہے مگر ہسپتال میں رش نہیں برداشت ہوسکتا، اس لیے بتائے گئے حفاظتی اقدامات ضرور کرنے چاہییں۔

ماڈل مشک کلیم نے انڈپینڈنٹ اُردو کو بتایا کہ وہ بھی گھر سے باہر نہیں جائیں گی۔ 'پہلے جس طرح رشتے داروں کے گھر جاکر دعوت اڑائی جاتی تھی وہ سب تبدیل ہوچکا ہے۔' انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھر پر عید مناتے ہوئے طبی عملے کو یاد رکھا جائے جو اس دن بھی ڈیوٹی کر رہا ہے۔

اداکار علی رحمان نے بتایا کہ وہ عید کی نماز کے بعد اپنی دادی کے گھر جا کر ناشتہ کیا کرتے تھے، جس کے بعد وہ دوستوں کو ملنے اُن کے گھر جاتے تھے۔ تاہم اس مرتبہ وہ عید صرف اپنے گھر والوں کے ساتھ گھر پر ہی محدود ہوکر سادگی سے منائیں گے۔

علی نے بتایا کہ انہوں نے عید کی شاپنگ بھی نہیں کی اور ان کا ارادہ ہے کہ عید پر دوستوں سے فون پر ہی بات کرکے گزارہ کیا جائے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن