اٹلی کے ’کرونا فری‘ گاؤں میں ایک یورو کا مکان

ایک اطالوی گاؤں نے ’کرونا فری‘ ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد وہاں فروخت کے لیے گھر پیش کیے ہیں جن کی قیمت صرف ایک یورو ہے۔

اٹلی کے اس گاؤں میں کرونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ( 1eurohouses.com )

ایک اطالوی گاؤں نے ’کرونا فری‘ ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد وہاں فروخت کے لیے گھر پیش کیے ہیں جن کی قیمت صرف ایک یورو ہے۔

اٹلی کے جنوبی خطے کلابریا کے علاقے چیکوفروندی میں کرونا کی وبا کے دوران ایک بھی کرونا کیس سامنے نہ آیا اور یہ گاؤں ایک ایسے علاقے میں موجود ہے جہاں کرونا کی وبا کے اثرات بہت کم رہے ہیں۔

امید کی جا رہی ہے کہ مکانوں کی کم قیمت کے ساتھ کرونا کا نہ ہونا نئے رہائشیوں کے لیے کشش کا باعث بن سکتا ہے۔

اٹلی کے باقی گاؤں اور دیہاتوں کی طرح چیکوفروندی بھی اس علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ملازمت کی تلاش میں شہر نقل مکانی کر جانے کے باعث آبادی کی کمی کا سامنا کر رہا ہے۔

مقامی ناظم میچل کونیا نے اس ایک یورو کے گھر سکیم کو ’آپریشن بیوٹی‘ کا نام دیا ہے۔

انہوں نے سی این این کو بتایا کہ ’ترک مکانوں کے لیے نئے رہائشیوں کی تلاش آپریشن بیوٹی کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد علاقے کے خستہ حال حصے کی بحالی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میں جرمنی میں پلا بڑھا جہاں میرے والدین منتقل ہوئے تھے، پھر میں اپنی زمین کو بچانے کے لیے واپس آ گیا۔ گذشتہ دہائیوں میں بہت سے لوگ یہاں سے جا چکے ہیں جن کے گھر خالی رہ گئے ہیں۔ ہم اس لاتعلقی کو برداشت نہیں کر سکتے۔‘

ایسی ہی دیگر سکیموں کی طرح آپریشن بیوٹی بھی کچھ شرائط کے ساتھ متعارف کروایا گیا ہے لیکن اس کی شرائط  باقی جگہاؤں کی طرح زیادہ نہیں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس علاقے میں ایک یورو میں گھر خریدنے کے خواہش مندوں کو 10 ہزار سے 20 ہزار یورو کی رقم اس جائیداد کی تعمیر نو کے لیے جمع کرانی ہو گی جبکہ کام مکمل ہونے تک ہر سال 250 یورو کی انشورنس بھی ادا کرنا ہو گی۔

تعمیر نو کے کام کی رفتار تیز رکھنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ وہ خریدار جو تعمیر نو کا کام تین سالوں میں نہیں کر سکیں گے انہیں 20 ہزار یورو کا جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

ایسی باقی سکیمز میں گھر خریدنے والے افراد نے اپنے گھر ایک یا دو سال میں دوبارہ تیار کروا لیے تھے۔

 یہ مکانات چیکوفروندی کے قدیم حصے میں موجود ہیں اور یہ 40 سے 50 مربع میٹر کے ہیں جن میں سے کچھ گھروں کی بالکونیز بھی ہیں۔

کونیا کے مطابق یہ سننے میں تو بہت اچھا لگتا ہے لیکن ایک یورو میں خریدے جانے والے مکانات ترک کیے ہوئے اس حصے میں ہیں جہاں عمارتیں خالی ہیں اور ’خطرناک اور غیر مستحکم‘ حالت میں ہیں۔

لیکن جو اتنے بہادر ہیں کہ خطرات مول لے سکیں ان کے لیے اس کا صلہ بڑا ہو سکتا ہے۔

میچل کونیا کا کہنا ہے کہ ’ہم تازہ دم پہاڑوں اور دو گرم سمندروں کے بیچ میں رہتے ہیں جب کہ ایک قدیم دریا قریب ہی بہتا ہے اور ساحل سمندر یہاں سے صرف 15 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا