روس کے طالبان کے لیے انعامات: پومپیو کا ملا برادر کو فون

مائیک پومپیو نے ایک ایسے وقت پر طالبان کے چیف مذاکرات کار سے رابطہ کیا ہے جب واشنگٹن میں روس کی جانب سے امریکی اور اتحادی فوجیوں کو ہلاک کرنے پر افغان طالبان کو انعامات دینے کے سکینڈل کا شور ہے۔

مائیک پومپیو نے ملا برادر پر زور دیا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے افغانستان میں سرگرم دوسرے جنگجو گروپوں سے جنگ کریں: امریکی عہدے دار(اے ایف پی)

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے طالبان کے چیف مذاکرات کار ملا عبدالغنی برادر کو پیر کی رات ویڈیو کال کر کے افغانستان میں تشدد میں کمی لانے پر زور دیا ہے۔

واشنگٹن میں اس وقت معاملہ پوری طرح گرم ہے کہ امریکی خفیہ اداروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ افغانستان میں امریکی اور اتحادی فوجیوں کو ہلاک کرنے پر روس نے طالبان کو انعامات دیے تھے۔  پومیو کی ویڈیو کال کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طالبان کے ترجمان نے پومپیو کی ملا برادر سے بات چیت کی تصدیق کی، تاہم یہ نہیں بتایا کہ آیا اس موقعے پر ان الزامات پر بھی بات کی گئی کہ طالبان جنگجوؤں نے امریکی اور اتحادی فوجیوں کو مارنے کے لیے روس سے پیسے لیے تھے۔

اے ایف پی کے مطابق طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ اور ملاعبدالغنی برادر کے درمیان ہونے والی بات چیت کے حوالے سے مزید بتایا کہ پومپیو نے امریکہ طالبان امن معاہدے پر پیش رفت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 دونوں فریقوں نے رواں سال فروری میں دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ نے طالبان رہنما کو اس وقت کال کی جب افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زار امن معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے خطے کے دورے پر ہیں۔

ایک امریکی عہدے دار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پومپیو نے ملا برادر پر زور دیا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے افغانستان میں سرگرم دوسرے جنگجو گروپوں سے جنگ کریں۔ خاص طور پر ان دہشت گرد گروپوں سے جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب طالبان ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں کہ انہوں نے افغانستان میں امریکیوں کو مارنے کے لیے روس سے پیسے لیے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روس نے 2019 میں امریکی فوجیوں کو مارنے پر طالبان کو انعام دینا شروع کیا۔ اس وقت امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد جنگجو گروپ کے ساتھ امن معاہدہ کرانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ