’یلو رسٹ‘ کا حملہ، گندم کی پیداوار میں کمی کا خطرہ

پاکستان میں گندم کی فصل پر مخصوص پھپھوندی کے حملے کے باعث رواں سال نقد آور فصل کی پیداوار میں کمی کا اندیشہ ہے۔

تصویر: اے ایف پی

پاکستان میں گندم کی فصل پر مخصوص پھپھوندی کے حملے کے باعث رواں سال نقد آور فصل کی پیداوار میں کمی کا اندیشہ ہے۔

زرعی ماہرین کے مطابق ’یلو رسٹ‘ نامی پھپھوندی کا حملہ سندھ اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گندم کی فصلوں پر ہوا ہے۔

پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل میں نیشنل وہیٹ کوآرڈینیٹرعتیق الرحمان رتُو نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گندم کی دو اقسام یلو رسٹ سے متاثر ہوئی ہیں۔

ان میں ٹی ڈی ون سندھ میں 60 فیصد اور گلیکسی پنجاب میں 40 فیصد کاشت کی گئی ہے۔

عتیق الرحمان رتُو کے مطابق یہ دونوں اقسام یلو رسٹ کی لپیٹ میں آ سکتی ہیں اسی لیے سندھ اور پنجاب میں ان کی تقریباً ساری فصل متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی دوسری اقسام پھپھوندی کے حملے سے محفوظ رہی ہیں۔

کراپ پتھالوجسٹ رمضان منیر کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں اضافے کی امید تھی۔ تاہم یلو رسٹ کے حملہ کے بعد یہ ممکن نہیں رہا۔

عتیق الرحمان رتُو نے کہا کہ پھپھوندی کے حملے سے گندم کی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ ایک فیصد کمی واقع ہو گی۔

گذشتہ سال کی فصل سے 26.47 ملین ٹن گندم حاصل ہوئی تھی۔ اندازہ ہے کہ اس سال پیداوار ساڑھے 25 ملین ٹن سے زیادہ نہیں رہے گی۔

تاہم عتیق الرحمان رتُو کے مطابق اس کی ایک وجہ حکومتی پالیسی کے مطابق ربّی کی فصل میں گندم کی کم کاشت بھی ہے۔

اس سال گندم 8.6 ملین ہیکٹرز رقبہ پر کاشت کی گئی جبکہ گذشتہ سال 9.1 ملین ہیکٹرز پر اگائی گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق کم درجہ حرارت اور فضا میں زیادہ نمی یلو رسٹ کے حملے کی وجہ بنتے ہیں۔

پاکستان میں اس سال زیادہ بارشوں نے حالات یلو رسٹ کے حملہ کے لیے سازگار بنائے۔ یلو رسٹ سے متاثرہ پودوں میں گندم کا دانا پوری طرح بن نہیں پاتا اور یوں پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔

عتیق الرحمان رتُو نے بتایا کہ مزید بارشیں پیداوار میں بڑی کمی کی وجہ بن سکتی ہیں۔

رمضان منیر نے بتایا کہ یلو رسٹ کے خلاف مزاحمت کرنے والی گندم کی کئی اقسام موجود ہیں، لیکن کاشت کار عموماً گھر کے بیج استعمال کرتے ہیں، اور نئی اقسام لگانے سے ججھکتے ہیں۔

ان کے خیال میں ضروری ہے کہ کاشت کاروں میں پھپھوندی سے متاثر ہونے والی اقسام سے متعلق آگاہی پھیلائی جائے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ یلو رسٹ سے متاثر ہونے والی اقسام پر پاکستان میں ابھی تک پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان