فاروق ستار ملنے کے خواہش مند تھے اور خود ملنے آئے: حریم شاہ

پاکستانی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ سیاستدانوں سے جب رابطہ کرتی ہیں تو بیشتر خود ان سے ملاقات کی خواہش کرتے ہیں۔

حال ہی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار سے ملاقات کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستانی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں۔

اس سے قبل بھی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کے ساتھ ان کی ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں۔ خاص طور پر وزارت خارجہ کے دفتر میں بنائی گئی ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان کے تعلقات پر سنجیدگی سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

حریم شاہ کی نہ صرف پاکستانی سیاستدانوں جیسے شیخ رشید احمد، فیاض الحسن چوہان، فواد چوہدری بلکہ مختلف عربی شخصیات سے ملاقاتوں کی ویڈیوز بھی وائرل ہوچکی ہیں۔

ان دنوں ان کی فاروق ستار کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی ہے اور وہ ان سے تعلق کے بارے بھی اپنے خیالات کا اظہار کررہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار تک رسائی حاصل نہیں کی بلکہ ایم کیو ایم کے رہنما نے خود انہیں کراچی آکر ملاقات کی دعوت دی تھی۔ لہذا کچھ عرصہ پہلے جب وہ اپنی دوستوں کے ساتھ کراچی گئیں تو انہوں نے فاروق ستار کو اطلاع دی جس پر وہ خود اس جگہ ملاقات کے لیے پہنچ گئے جہاں وہ ٹھہری تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدانوں سے جب رابطہ کرتی ہیں تو بیشتر خود ان سے ملاقات کی خواہش کرتے ہیں۔

ان سے پوچھا گیا کہ اس کے بعد وہ کس شخصیت کی ’قربانی‘ کریں گی تو ان کا کہنا تھا کہ ’قربانی ایک بہترین اسلامی عمل ہے اور وہ خوبصورت جانور قربان کرنا چاہیں گی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ان سے ملنے والی سیاسی شخصیات کو اتنی مبارک روایت سے جوڑنا نامناسب ہے۔

عید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ گاؤں کی رہنے والی ہیں اور عید کے موقع پر ہر علاقے میں مختلف طریقے سے خوشیاں منائی جاتی ہیں، تاہم بچپن کی طرح اب عید منانے کا مزا کم آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا: 'بچپن میں کی گئی شرارتوں کی پکڑ نہیں ہوتی اس لیے بچپن بہت یاد آتا ہے۔ بچپن میں عید کی خوشی میں ساری رات نیند نہیں آتی تھی لیکن اب بڑے ہوگئے ہیں وہ خوشی محسوس نہیں ہوتی۔ میں بچپن کو مس کرتی ہوں۔'

مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فلاح و بہبود کا کام کرنا چاہتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ایسا کام کریں کہ لوگ یاد کریں ناکہ لوگ متنفر ہوں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان