'کرونا پازیٹو' حارث رؤف کے ساتھ سیلفی لینے والے مداح سے ملیے

محمد شہاب غوری کے مطابق ان کی فیس بک پوسٹ کا مقصد صرف اور صرف لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا تھا۔

محمد شہاب غوری کی ملاقات حارث سے اسلام آباد میں ہوئی (تصویر:  محمد شہاب غوری)

پاکستان میں سوشل میڈیا پر اس وقت ایک بار پھر کرکٹر حارث رؤف کا چرچا ہے، جس کی وجہ ان کی شاندار بولنگ نہیں بلکہ ایک مداح کے ساتھ پوسٹ کی جانے والی تصویر ہے۔

اس تصویر میں حارث رؤف اپنے ایک فین شہاب غوری کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ کرونا (کورونا) کی وبا کی وجہ سے دونوں نے ماسک پہن رکھے ہیں۔

حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں شاندار بولنگ کی بدولت بے پناہ شہرت حاصل کی تھی، جس کے بعد انہیں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔

پاکستانی ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے لیکن حارث رؤف ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکے، جس کی وجہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حارث رؤف کا کرونا ٹیسٹ اب منفی آ چکا ہے۔

یاد رہے کہ حارث رؤف ان سات پاکستانی کرکٹرز میں شامل تھے جن کے کرونا ٹیسٹس مثبت آئے تھے۔

حارث رؤف انگلینڈ کے دورے پر تو ٹیم کے ساتھ نہ جا سکے لیکن اس کے باوجود ان کے مداح انہیں دیکھ کر خود پر قابو نہ رکھ سکے۔

ایسے ہی ایک فین محمد شہاب غوری کی جانب سے گذشتہ روز حارث رؤف کے ساتھ اپنی تصویر فیس بک پر پوسٹ کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا: 'میں نے آج (اسلام آباد کے) سیکٹر ایف سکس میں حارث رؤف کو دیکھا اور ان کے ساتھ سیلفی بنائی۔ گھر جانے کے بعد میں نے یہ جاننے کے لیے گوگل کیا کہ حارث رؤف کو دورہ انگلینڈ کے لیے کیوں منتخب نہیں کیا گیا تو میرے علم میں آیا کہ اس کی وجہ ان کا کرونا پازیٹو ہونا تھا۔ مارے گئے۔'

شہاب غوری کی اس پوسٹ کو سینکڑوں لوگ لائیک اور شیئر کر چکے ہیں جبکہ اس پر کیے جانے والے کمنٹس میں زیادہ تر افراد نے ان ہی کے الفاظ یعنی 'مارے گئے' دہرائے ہیں۔ جبکہ کئی افراد نے تو انہیں کرونا سے بچنے کے لیے دیسی اور گھریلو ٹوٹکے تک بتانے شروع کر دیے ہیں۔

کچھ صارفین تو یہ تک پوچھتے نظر آئے ہیں کہ کرونا پازیٹو ہونے کے بعد حارث رؤف گھر سے باہر کیوں گھوم رہے ہیں اور انہیں آئیسولیشن میں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے شہاب غوری کا کہنا تھا: 'حارث رؤف اے ٹی ایم کے باہر موجود تھے اور انہوں نے ماسک بھی پہن رکھا تھا اور وہ سماجی دوری کے اصول پر بھی عمل کر رہے تھے۔ اس کے باوجود میں نے انہیں پہچان لیا۔ میری درخواست پر حارث رؤف نے چند سیکنڈز کے لیے اپنا ماسک اتارا اور ہم نے سماجی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے سیلفی بنائی۔'

ان کا مزید کہنا تھا: 'میری اس فیس بک پوسٹ کا مقصد صرف اور صرف لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا تھا۔'

شہاب کے مطابق ان کی پوسٹ پاکستان کے علاوہ بھارت اور آسٹریلیا میں بھی وائرل ہو چکی ہے اور دنیا بھر سے آنے والے کمنٹس میں لوگ حارث رؤف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

محمد شہاب غوری خود بھی ایک کرکٹر ہیں اور ان کی فیس بک پروفائل پر ان کی کرکٹ کھیلتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل