وزیر اعظم کی پیروڈی کرنے والے کی موت، حکومت نے افسوس تک نہ کیا

وزیر اعظم عمران خان کی پیروڈی سے شہرت حاصل کرنے والے معروف مزاحیہ اداکار فرخ شاہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

فرخ شاہ اپنی صحت کے معاملے میں بہت محتاط رہتے تھے اور بد پرہیزی سے احتراز کرتے تھے

وزیر اعظم عمران خان کی پیروڈی سے شہرت حاصل کرنے والے معروف مزاحیہ اداکار فرخ شاہ بدھ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

فرخ کی اہلیہ بشریٰ فرخ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ بالکل صحت مند تھے، (بدھ کی) صبح اچانک انہیں سینے میں درد محسوس ہوا جو  دل کا دورہ ثابت ہوا اور وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔ بشریٰ نے یہ بھی بتایا کہ فرخ اس وقت ایک نجی چینل کے ساتھ منسلک تھے اور مالی طور پر انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں تھا۔

فرخ چند روز قبل فن کاروں کے ایک احتجاج میں شریک ہوئے تھے، جس کا مقصد لاک ڈاؤن کی وجہ سے سٹیج ڈرامے وغیرہ بند ہونے سے آرٹسٹوں کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ کرنا تھا۔ بشریٰ نے بتایا کہ ان کی شادی کو 20 سال ہو چکے تھے اور ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ 'فرخ نے شادی کے بعد شوبز کو پیشے کے طور پر اپنایا اور پی ٹی وی پر کام شروع کیا۔'

 انہوں نے افسوس سے کہا کہ فرخ نے وزیر اعظم عمران خان کی پیروڈی سے شہرت حاصل کی مگر ان کی موت پر حکومت کا افسوس کا کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک مزاحیہ شو میں طاہر القادری، خواجہ آصف، نوید قمراور دیگر سیاست دانوں کے کردار ادا کرنے والے علی آغا نے بتایا کہ فرخ ایک انتہائی نیک دل اور اچھےآرٹسٹ تھے، وہ گذشتہ 20 سال سے ڈرامے اور تھیٹر میں کام کر رہے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان کی پیروڈی نے انہیں بہت شہرت دی۔

علی آغاز نے بتایا کہ جب وہ معاشی مسائل کا شکار ہوئے تو اداکار نسیم وکی نے انہیں دو برس تک اپنی سٹیج پروڈکشنز اور مختلف چینلز پر کام میں مصروف رکھا۔

'فرخ کا ایک اچھا انسان ہونے کے لیے اتنا کافی ہے کہ نسیم وکی جب نئے نئے لاہور میں آئے تو دو برس تک وہ فرخ شاہ کے فلیٹ پر رہے اور فرخ نے انہیں مختلف پروڈیوسرز سے ملوایا جس کی وجہ سے نسیم وکی کو کام ملا اور آج وہ ایک معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر ہیں۔'

انہوں نے بتایا کہ فرخ اپنی صحت کے معاملے میں بہت محتاط رہتے تھے اور بد پرہیزی سے احتراز کرتے تھے۔ انہیں بدھ کی شب بعد نماز عشا لاہور کے ایک مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی