بینکسی کے چوری شدہ نایاب فن پارے کی بازیابی کی دلچسپ داستان

مشہور زمانہ سٹریٹ آرٹسٹ بینکسی کا پیرس کے ایک کلب کے دروازے پر پینٹ شدہ شاہکار چوری ہو گیا تھا جو بالآخر 18 ماہ بعد اٹلی سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

بتاکلان حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بینکسی نے اس دروازے پر ایک ’اداس جوان لڑکی‘ (اے سیڈ ینگ گرل) کی تصویر بنائی تھی۔(تصویر: اے ایف پی)

ایک چوری شدہ کٹر، سی سی ٹی وی فوٹیج، فون ٹیپ، ناشائستہ زبان بولنے والے مشتبہ افراد۔۔۔ یہ سب کڑیاں ملا کر  پولیس طویل تحقیقات کے بعد مشہور زمانہ سٹریٹ آرٹسٹ بینکسی کے چوری شدہ فن پارے کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بینکسی کا پیرس کے ایک کلب کے دروازے پر پینٹ شدہ شاہکار چوری ہو گیا تھا جو بالآخر 18 ماہ بعد اٹلی سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

26  جنوری 2019 کو صبح چار بجے ہُڈی اور ماسک پہنے ہوئے تین افراد پیرس کے مشہور بتاکلان کلب کے دھاتی دروازے پر ایک کاٹنے والے آلے سے زور آزمائی کر رہے تھے۔

یہ محض کوئی پرانا دروازہ نہیں تھا بلکہ پیرس کے مشہور میوزک کلب سے نکلنے کا ہنگامی دروازہ ہے جہاں 13 نومبر 2015 کو داعش کے بدترین حملے کے دوران 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بتاکلان حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بینکسی نے اس دروازے پر ایک ’اداس جوان لڑکی‘ (اے سیڈ ینگ گرل) کی تصویر بنائی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ چوروں نے دروازہ اکھاڑ کر اسے جعلی نمبر پلیٹ والی ایک وین کے پچھلے حصے میں لوڈ کیا اور فرار ہو گئے۔

اس کیس سے منسلک قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس کے لیے یہ اہم کیس تھا اور اس کی تفتیش وہی افسران کر رہے تھے جہنوں نے داعش کے حملے کے کیس پر کام کیا تھا۔

ایک سال بعد پولیس نے مشرقی فرانس میں محکمہ آئسیر میں ڈی آئی وائے شاپ میں توڑ پھوڑ کے شبہ میں تین افراد کو حراست میں لیا۔

چوری کی گئی اشیا میں سے ایک کٹر آلہ بھی شامل تھا اور ان میں سے ایک ملزم پیرس میں چوری کی وارداتوں میں ملوث رہ چکا تھا۔

بینکسی کی ’سیڈ ینگ گرل‘ کی چوری اور ان ملزموں کے طریقہ واردات کے درمیان مماثلت سے پولیس کے ہاتھ ایک اہم سراغ لگ گیا تھا۔

پولیس نے نگرانی اور ملزموں کی فون کال ٹیپ کرکے بینکسی کے شاہکار کو خریدنے والوں کا پتہ چلا لیا۔

تفتیش کاروں کے مطابق یہ فن پارہ پہلے مشرقی فرانس کے شہر آئسیر، پھر فرانس کے جنوب اور وہاں سے اٹلی لے جایا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شروع میں پینٹنگ کو اٹلی کے وسطی علاقے میں ایک ہوٹل میں چھپایا گیا تھا، پھر اسے وہاں سے سینٹ اومرو کے ایک فارم میں منتقل کردیا گیا۔

اس کھوج کے بعد پولیس نے پورے گروہ کو حراست میں لینے کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن کرونا (کورونا) وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن سے گرفتاریوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

اطالوی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران فرانسیسی تفتیش کاروں نے 10 جون کو اٹلی کے شہر ابرزو سے اس پینٹنگ کو برآمد کرلیا اور اگلے ہی دن فرانس میں مجموعی طور پر نو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کی جانب سے دو افراد پر ایک منظم گروہ کے ذریعے ڈکیتی کرنے جبکہ چار افراد پر چوری شدہ سامان خریدنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق گینگ کے 39 سالہ سرکردہ لیڈر پر شک ہے کہ انہوں نے اس چوری کا حکم دیا تھا۔

لیڈر کے ساتھیوں نے بتایا کہ وہ اس دروازے کو اپنے ایک مکان میں نصب کرنا چاہتے تھے کیوں کہ اس طرح کے فن پارے کو فروخت کرنے کی کوشش کرنا بہت مشکل کام تھا۔

اطالوی حکام نے بینکسی کے اس فن پارے کو فرانس کے حوالے کر دیا ہے اور اب اس کی حفاظت پیرس پولیس کر رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ