چترال کے گرم چشمے کا بیماریوں کے علاج سے کیا تعلق؟

مقامی افراد کے مطابق صدیوں سے جاری اس چشمے کا پانی اتنا گرم ہے کہ اگر اس میں انڈہ رکھا جائے تو وہ پک جاتا ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے حمیداللہ سے میری ملاقات چترال کے گرم چشمے پر ہوئی، جہاں وہ اپنے سکول کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سیر کے لیے آئے ہوئے تھے۔

چشمے کے کنارے پانی میں ہاتھ ڈال کر بیٹھے ہوئے حمید اللہ نے بتایا: 'ہم نے سنا تھا کہ یہاں لوگ علاج کے لیے آتے ہیں کیونکہ مشہور ہے کہ اس چشمے کے پانی میں شفا ہے۔'

اس چشمے کے ساتھ صدیوں سے جڑی کہانیوں کے مطابق اس کے پانی سے نہانے سے جوڑوں کا درد اور یرقان سمیت دیگر بیماریاں ختم ہوجاتی ہیں۔ چشمے کے ساتھ بنے چھوٹے سے تالاب میں اقبال حسین کپڑے دھو رہے تھے۔ انہوں نے، جن کا گھر چشمے کے قریب ہی تھا، انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہیں یرقان کی بیماری تھی لیکن اس چشمے پر آکر نہانے اور یہاں کپڑے دھونے سے ان کی بیماری ختم ہو گئی۔

چشمے کے قریب واقع ایک بڑی مسجد کو بھی یہاں سے پانی سپلائی کیا گیا ہے، جسے لوگ وضو کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح چشمے کے قریب نہانے کے لیے غسل خانے بھی بنے ہیں جہاں علاج کی غرض سے لوگ آکر نہاتے ہیں جبکہ قریب ہی ایک کمرے میں لوگ نہانے کے بعد آرام کرتے ہیں تاکہ جسم کا درجہ حرارت نارمل ہو جائے۔

چشمے کے ساتھ ایک دیوار بنا کر خواتین کے لیے بھی حصہ مخصوص کیا گیا ہے جہاں وہ کپڑے دھوسکتی ہیں۔ اس علاقے سے واقفیت رکھنے والے محبوب عالم نے بتایا کہ چشمے کی تاریخ کے بارے میں شاید ہی کسی کو علم ہو لیکن صدیوں سے یہ چشمہ اسی مقام پر موجود ہے۔ 'چشمے کا پانی اتنا گرم ہے کہ اگر انڈہ اس میں رکھا جائے تو وہ پک جاتا ہے جبکہ سردیوں میں یہ پانی مزید گرم ہوجاتا ہے۔'

محبوب عالم کے مطابق گرم چشمہ چترال کے چند مشہور تفریحی مقامات میں شامل ہے، جہاں ملک بھر سے سیاح آتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس چشمے کا انتظام کون سنبھال رہا ہے؟ تو انہوں نے بتایا کہ یہاں کے لوگ ہی اس کا خیال رکھتے ہیں، انہوں نے ہی یہاں غسل خانے تعمیر کیے ہیں، جنہیں استعمال کرنے والوں سے وہ پیسے لیتے ہیں۔

چشمے کا پانی گرم کیوں ہے؟

اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے چشموں کے حوالے سے کچھ سائنسی مضامین اور تحقیقی مقالوں کا مطالعہ کیا تو معلوم ہوا کہ چشمے کا پانی زمین میں جتنی زیادہ گہرائی سے نکلے گا، وہ اتنا ہی گرم ہوگا۔

واٹر انسائیکلوپیڈیا کے ایک مضمون کے مطابق چشمے کے پانی کے گرم اور ٹھنڈا ہونے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں اور ان میں سے ایک اس پانی کے زمین کے نیچے سے نکلنے کی گہرائی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس مضمون میں یہ بھی درج ہے کہ صدیوں سے گرم پانی کے چشمے کے ساتھ یہ مفروضہ جوڑا گیا ہے کہ اس کے پانی میں بیماریوں کا علاج موجود ہے تاہم سائنسی تحقیق سے ابھی تک ایسا کچھ ثابت نہیں ہوا۔ مضمون کے مطابق جب چشمے کا پانی زمین میں کم گہرائی سے نکلتا ہے تو وہ ٹھنڈا ہوتا ہے جبکہ گرم چشمے ان جگہوں میں ہوتے ہیں جہاں آتش فشاں کے آثار زیادہ ہوتے ہیں۔

امریکی ادارہ برائے جیولوجیکل سروے کی ویب سائٹ کے مطابق گرم چشمے زیادہ تر زمین کے اندر موجود گرم چٹانوں کی وجہ سے بھی نکلتے ہیں جبکہ اب سائنس دانوں نے سمندر کے نیچے تقریباً تین کلومیٹر کی گہرائی میں جاکر بھی گرم چشمے دریافت کیے ہیں جن کا درجہ حرارت 300 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوتا ہے۔

اسی ادارے کے مطابق ان گرم چشموں سے نکلنے والے پانی میں نمکیات اور سلفر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو سمندری حیات کے لیے مفید ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا