وفاقی کابینہ میں ردوبدل، شیخ رشید نئے وزیر داخلہ ہوں گے

وفاقی حکومت نے بریگیڈیئر (ر) سید اعجاز شاہ سے وزارت داخلہ کا قلمدان لے کر شیخ رشید کو یہ وزارت دے دی جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

شیخ رشید کی جگہ اعظم سواتی کو  وفاقی وزیر ریلوے بنا دیا گیا ہے (تصویر: ٹوئٹر)

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی وزارت تبدیل کرکے انہیں وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپ دیا ہے۔

بریگیڈیئر (ر) سید اعجاز شاہ سے وزارت داخلہ کا قلمدان واپس لے کر انہیں انسداد منشیات کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا ہے جبکہ اعظم خان سواتی کو وفاقی وزیر برائے ریلوے کے فرائض سونپے گئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ کی حلف برداری کی تقریب جمعے کی صبح اسلام آباد میں ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عبدالحفیظ شیخ کو اسلام آباد کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد وفاقی وزیر بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کے غیر منتخب مشیروں اور معاونین کو کابینہ کی کمیٹیوں کی سربراہی سے روکا تھا جبکہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ پر کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کی صدارت کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم کے مزید معاونین خصوصی اور مشیروں کو بھی وفاقی کابینہ میں شام کیا جائے گا، جن میں ڈاکٹر عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کے نام سر فہرست ہیں۔

یاد رہے کہ حفیظ شیخ، رزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل منتخب اراکین پارلیمنٹ نہیں ہیں، تاہم آئین کے تحت وزیر اعظم کسی غیر منتخب شخص کو چھ ماہ کے عرصے کے لیے وفاقی کابینہ میں شامل کر سکتے ہیں۔  

اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے آئندہ سال مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات میں تنیوں مشیروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اراکین سینیٹ کی حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد وہ وفاقی کابینہ کا حصہ رہ سکیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان