امریکہ نے فائزر کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ملک میں فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

ویکسین کو امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے اپنے جرمن پارٹنر بائیو ٹیک کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کیا ہے (روئٹرز)

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ملک میں فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

دنیا میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک، جہاں اس وبائی مرض سے اب تک دو لاکھ 92 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کے حکام کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد چند روز میں ہی وسیع پیمانے پر ویکسینیشن کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے منظور کی گئی ویکسین کو امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے اپنے جرمن پارٹنر بائیو ٹیک کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کیا ہے اور ٹرائلز کے دوران یہ 95 فیصد تک موثر ثابت ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایف ڈی اے نے کہا کہ یہ ویکسین 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو دی جاسکتی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ امریکہ میں اس ویکسین کی 29 لاکھ خوراکیں پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور ہسپتالوں میں زیر علاج عمر رسیدہ افراد کو فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ امریکی حکومت نے کہا تھا کہ وہ ایف ڈی اے کی اجازت کے فوراً بعد ہی ملک بھر میں ویکسین کی تقسیم شروع کر دے گی اور یہ کہ پہلی ویکسین کا انجیکشن اگلے ہفتے کے آغاز پر لگایا جائے گا جس کے بعد لاکھوں امریکیوں کو اسی ماہ ویکسین دی جا سکے گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت ملنے کے بعد اب ’24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں‘ عوام کو فائزر بائیو ٹیک ویکسین کی فراہمی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’پہلی ویکسین 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں لگائی جائے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’فیڈ ایکس اور یو پی ایس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم نے پہلے ہی ملک کی تمام ریاستوں اور زپ کوڈز کو ویکسین بھیجنا شروع کر دی ہے۔‘

ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’گورنرز اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ ان کی ریاستوں میں پہلے کن افراد کو اس ویکسین کے انجیکشنز لگائے جائیں گے۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بزرگ شہریوں، ہیلتھ ورکرز اور رسپانس فورس کے صف اول کے کارکنوں کو سب سے پہلے یہ ویکسین فراہم کی جائے۔ اس عمل سے اموات اور ہاسپٹلائزیشن میں اچانک اور ڈرامائی کمی واقع ہو گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویکسینیشن کا یہ عمل اور بھی تیز ہو سکتا ہے اگر موڈرنا کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی دوسری ویکسین کو بھی جلد منظور کر لیا جائے۔

فائیزر بائیو ٹیک ویکسین کو پہلی بار اسی ماہ برطانیہ میں منظوری دی گئی تھی جہاں شہریوں کو منگل سے اس کی خوراکیں دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

کینیڈا نے بھی اس ویکسین کی منظوری دی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہاں بھی اگلے ہفتے سے ویکسینیشن کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ