آئی ایس آئی کے دفتر اور سٹاک ایکسچینج پر حملے کی منصوبہ بندی ناکام، تین گرفتار

ملزمان نے سی ٹی ڈی کو بتایا کہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے ہدایات، فنڈز اور دھماکہ خیز مواد انہیں افغانستان سے موصول ہوتے تھے۔

(اے ایف پی)

صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سال رواں کے دوران راولپنڈی میں چار بم دھماکے کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر تین ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ 

سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گرد راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید بم دھماکوں کی پلاننگ بھی کر رہے تھے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کی عمارت کے علاوہ ایک مسجد اور راولپنڈی میں حمزہ کیمپ (دفتر آئی ایس آئی) کو بھی نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ 

سی ٹی ڈی نے ایک ملزم کے موبائل فون سے ان کے آئندہ ٹارگٹس کی ویڈیوز بھی حاصل کیں جو انہوں نے ان مقامات کی ریکی کے دوران بنائی تھیں۔ 

ملزمان نے سی ٹی ڈی کو بتایا کہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے ہدایات، فنڈز اور دھماکہ خیز مواد انہیں افغانستان سے موصول ہوتے تھے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ان کا ماسٹر مائنڈ پڑوسی ملک میں موجود ہے۔ 

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ تینوں گرفتار دہشت گرد راولپنڈی میں ہونے والے چار بم دھماکوں میں ملوث تھے جن میں پیرودہائی میں ہونے والا دھماکہ بھی شام ہے۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چار دسمبر کو پیر ودہائی اڈے میں ایک دکان میں نصب شدہ بم کے پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوئے تھے۔ 

ترجمان کے مطابق مذکورہ دہشت گرد راولپنڈی شہر میں دریائے سوان کے قریب ایک رہائشی علاقے میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے پیر کی صبح انہیں گرفتار کیا گیا اور  ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ 

سی ٹی ڈی کے تفتیشی افسران نے پیرودہائی دھماکے سے قبل ہونے والے بم دہماکوں میں کوئی سراغ حاصل نہیں کر پائے تھے تاہم آخری بم لگاتے ہوئے مبینہ دہشت گرد کی ویڈیو ایک سی سی ٹی وی کیمرہ میں محفوظ ہو گئی جس سے اس کی شناخت کی گئی۔ 

سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان اور ان کے ماسٹر مائنڈ کی شناخت مخفی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان