ایک برطانوی جوڑا گاجروں کی خریداری کے دوران یوروملینز نامی لاٹری کے ٹکٹ پر نکلنے والے انعام کی خوشیاں منا رہا ہے۔
50سالہ مارٹن گلبی نے بتایا کہ گذشتہ ماہ کرسمس کے موقعے پر ہونے والے اخراجات کے بعد ان کا ہاتھ کافی تنگ تھا۔گلبی اور ان کی پارٹنر ٹریسی کے پاس 'گزارے کے لیے کچھ زیادہ نہیں بچا تھا۔'
لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ 'اس کے باوجود انہیں لازمی طور پر اتوار کا روایتی کھانا تیار کرنا چاہیے۔' تاہم یہ جاننے کے بعد کہ ان کے پاس کھانا بنانے کے لیے سبزیاں نہیں ہیں،گلبی نارتھ ہیمپٹن میں ایک سٹور پر سبزی خریدنے گئے۔ ڈیبٹ کارڈ سے خریداری کے لیے کم از کم تین پاؤنڈ خرچ کرنے ضروری تھے، لیکن سبزیوں کی قیمت کم تھی، اس لیے انہوں نے یورو ملینز لاٹری کا ٹکٹ بھی خرید لیا۔
بعد میں گلبی لاٹری ٹکٹ کے بارے میں بھول گئے اور ٹریسی کے سونے کے بعد نیشنل لاٹری ایپ پر ہی ٹکٹ کو سکین کیا اور اس وقت انہیں پتہ چلا کہ وہ ایک لاکھ 19 ہزار پاؤنڈ کی لاٹری جیت گئے ہیں۔
گلبی نے کہا: 'اس موقعے پر میں کچھ پریشان ہوگیا، اسی لیے میں نے ٹریسی کو بلایا کہ وہ سیڑھیاں اتر کر میری مدد کے لیے آئے۔' شروع میں ان کی پارٹنر نیچے آ کر ٹکٹ کی جانچ پڑتال نہیں کرنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے کہا کہ 'میں 10 پاؤنڈ کی رقم کے لیے نیچے نہیں آ رہی۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گلبی نے مزید بتایا کہ جب ٹریسی کو احساس ہوا کہ کوئی بڑی بات ہے تو وہ نیچے آئیں اور ان کے ساتھ مل کر ٹکٹ کو دوبارہ چیک کیا تو جوڑے نے 'چیخنا، بغلگیر ہونا اور اچھلنا شروع کر دیا۔'
گلبی جو کھڑیاں اور شیشے بنانے والی کمپنی میں کام کرتے ہیں،نے کہا کہ جب انہوں نے کانفرنس کالنگ ایپ زوم پر کال کرکے خبر بریک کی تو ان کے خاندان کو یقین نہیں آیا۔ گلبی نے مزید کہا: 'شروع میں بہت سے لوگوں نے سوچا کہ یہ کوئی عملی مذاق ہے لیکن جلد ہی سب مل کر خوشیاں منا رہے تھے۔'
جب ان سے پوچھا کہ وہ لاٹری میں جیتی گئی رقم کا کیا کریں گے تو گلبی نے جواب دیا: 'میں نے کچھ خریدنے کا نہیں سوچا، میں تو بس اپنے خاندان کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ ہم سب کا سال مشکل گزرا ہے۔ تھوڑی سی مدد سے انہیں بہت فرق پڑے گا۔'
© The Independent