ضلع سوات کے علاقے بحرین کے رہائشی شفیع اللہ نے اپنی جان پر کھیل کر دریائے سوات میں گرے ہوئے ایک زخمی کبوتر کو بچایا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اب تک لاکھوں لوگ اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں۔
شفیع اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا: ’میں نے دیکھا کہ کچھ لوگ دریائے سوات میں موجود ایک زخمی کبوتر کو دیکھ رہے ہیں۔ میں نے وہاں موجود اپنے ایک دکاندار دوست سے رسی مانگی اور اس رسی کی مدد سے دریائے سوات میں اتر گیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دریائے سوات اب تک سینکڑوں لاشیں نگل چکا ہے اور اس دریا میں گرنے کے بعد لاش کو ڈھونڈنے میں اکثر مہینے لگ جاتے ہیں۔
شفیع اللہ نے بتایا کہ ’یہ تو کبوتر تھا، جو اللہ کی مخلوق ہے۔ اگر دریائے سوات میں کوئی انسان بھی گر جائے تو میں اللہ کی رضا کے لیے اس دریا میں کودنے کو تیار ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو جب بھی اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کا موقع ملے تو ضرور کرنی چاہیے، انسان صرف کوشش کر سکتا ہے، بچانا اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
’جتنی بھی مخلوقات اللہ نے پیدا کی ہیں، انہیں رزق بھی وہ خود دیتا ہے۔ اس لیے ہر باشعور انسان کو چاہیے کہ اللہ کی مخلوق کے ساتھ پیار اور محبت کرے۔‘