وزیراعظم اپنی باری پر کرونا ویکسین لگوائیں گے: ڈاکٹر فیصل سلطان

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی۔‘

پاکستان بھر میں کرونا (کورونا) وائرس کی ویکسین کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے اب تک کسی بھی ایسی بڑی حکومتی شخصیت نے ویکسین نہیں لگوائی جن کو دیکھ کر عوام میں ویکسین کے حوالے سے اعتماد بڑھ سکے۔

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے جاننے کی کوشش کہ عمران خان کی عمر بھی تو 60 برس سے زائد ہے تو کیا انہوں نے ویکسین لگوائی ہے یا نہیں؟

کہا تو یہ جا رہا تھا کہ ملکی قیادت میں شامل اعلیٰ افسران کو جنوری کے مہینے میں ویکسین لگ چکی ہے، لیکن ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی کہ ’وزیراعظم عمران خان نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی۔‘

جب ان سے سوال کیا گیا کہ دیگر ممالک کے سربراہان مملکت نے ویکسین لگوا کر اپنے عوام کے دل سے ویکسین کے حوالے سے خوف دور کیا تو وزیراعظم عمران خان کب ویکسین لگوائیں گے؟

ڈاکٹر فیصل سلطان نے جواب دیا کہ ’جب وزیراعظم کی باری آئے گی تو وہ بھی ویکسین لگوائیں گے۔‘

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں اعلان کیا تھا کہ عمر کے لحاظ سے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی، یعنی زائد عمر کے افراد کو پہلے ویکسین کے لیے بلایا جائے گے۔

تاہم انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق آج ویکسین کے لیے بلائے گئے افراد میں سے کچھ ایسے بھی تھے جن کی عمر وزیر اعظم عمران خان کی عمر سے کم تھی۔

اسلام آباد کے ایک رہائشی تنویر حسین جن کی عمر 66 سال ہے، انہیں آج ویکسین کے لیے بلایا گیا تھا مگر رش ہونے کے باعث وہ ویکسین نہ لگوا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت صحت کے مطابق ویکسین لگوانے کے لیے اب تک 15 ہزار بزرگ شہری خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کے 15 ویکسی نیشن سینٹرز سے ویکسین لگوائی جا رہی ہے۔

اب تک پولی کلینک ہسپتال میں 500 بزرگ شہری رجسٹرڈ ہوئے۔ بدھ کو تقریباً ساڑھے تین سو شہریوں کو ویکسین لگائی گئی جبکہ پمز ہسپتال میں سات سو سے زائد افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق نادرا کی جانب سے پیغام ملنے کے بعد ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

60 برس سے زائد افراد کو کون سی ویکسین لگائی جا رہی ہے؟

پاکستان میں چین کی ویکسین سائنوفارم کی کھیپ گذشتہ ماہ پہنچی تھی۔ یاد رہے کہ ابتدا میں سائنوفارم ویکسین کو 18 سال سے زائد اور 60 برس سے کم عمر افراد کے لیے موزوں قرار دیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 60 برس سے زائد عمر کے افراد، حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین کے لیے سائنو فارم تجویز نہیں کر کی جا رہی ہے۔

اس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ ویکسین کے ٹرائل میں اس گروپ کو شامل کیا گیا تھا یا نہیں، اس کا ڈیٹا میسر نہیں اور میسر ڈیٹا کے تجزیے پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن گذشتہ ہفتے ڈریپ نے مزید ڈیٹا نتائج دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ سائنو فارم ویکسین 60 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی مفید ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت