جب بھارتی کشمیر میں پی آئی اے کا ’جہاز‘ تحویل میں لیا گیا

جموں و کشمیر کی پولیس کے مطابق سبز اور سفید رنگ کا یہ جہاز نما غبارہ ہیرانگر سیکٹر کے گاؤں سوترا چک میں پایا گیا تھا۔

جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے تحویل میں لیا گیا  جہاز نما غبارہ (تصویر: بشکریہ اے این آئی ٹوئٹر اکاؤنٹ)

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس نے منگل کی شام طیارے کی شکل کے ایک ایسے غبارے کو اپنی تحویل میں لیا ہے، جس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا آفیشل نشان بنا ہوا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے نے جموں و کشمیر کی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ سبز اور سفید رنگ کا یہ جہاز نما غبارہ ہیرانگر سیکٹر کے گاؤں سوترا چک میں پایا گیا، جسے فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے اس غبارے کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی، جس کے بعد یہ وائرل ہوگئی اور لوگوں کے تبصروں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

نجیب الحسنین نامی ایک صارف نے اس غبارے کو ’بے چارہ‘ قرار دیا۔

نارائن شاستری نے لکھا: ’جیسے ہی میں نے یہ غبارہ دیکھا، میری ہنسی چھوٹ گئی‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ یہ کوئی سنجیدہ معاملہ ہو، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو اس معاملے کی تحقیقات کرنی چاہییں۔‘

بہت سارے صارفین نے اسے ’میمز کا نیا مواد‘ قرار دیا۔

مجنوں سندھی نامی صارف نے مبارکباد دیتے ہوئے لکھا: ’بھارتی پولیس کی جانب سے زبردست کارنامہ۔ سختی سے تحویل میں لیں، بھاگنے نہ پائے جہاز۔‘

جبکہ سلمان قیصر نے بظاہر یہ کہہ کر بات ہی ختم کردی کہ یہ ان کے بیٹے کا غبارہ تھا، لہذا انہیں واپس کیا جائے۔

اب یہ غبارہ واقعی میں مذکورہ صاحب کا ہے یا نہیں، اس کی تصدیق تو نہیں ہوسکی، لیکن سوشل میڈیا پر آنے والے تبصروں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل