حریم شاہ پر تشدد کا معاملہ: ملزم ابھی تک گرفتار نہ ہو سکے

معروف ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے اسلام آباد کے ایک تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی ہے کہ ان پر دو افراد نے تشدد کیا ہے۔

(انسٹا گرام)

پاکستان کی معروف ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ پر مبینہ طور پر تشدد کرنے والے ملزموں کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آ سکی۔

حریم شاہ نے تین روز قبل اسلام آباد کے گولڑہ شریف تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی کہ ان پر دو افراد نے تشدد کیا ہے۔

گولڑہ تھانے کے محرر شیر علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے لیکن ابھی تک کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس نے دفعات 452، 506 اور 354 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق حریم شاہ کو بہادر شاہ آفریدی اور عائشہ ناز نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ جب انہوں نے مدد کے لیے شور مچانے کی کوشش کی تو بہادر شاہ آفریدی نے ان کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔

حریم شاہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ  شو کے لیے  رواں ماہ کی 16 تاریخ کو کراچی سے اسلام آباد آئی تھیں جہاں 18  مارچ کو ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔

ایف آئی آر کے مطابق دونوں افراد تشدد کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک روز قبل حریم شاہ نے انسٹا گرام پر دو ویڈیو شیئر کی ہیں، جن میں بظاہر ان پر کسی تشدد کے نشان نظر نہیں آ رہے۔

ایک ویڈیو میں انہوں نے عمران خان کو کرونا ہونے پر ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری ویڈیو میں انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ میرے بارے میں سوشل میڈیا پر جھوٹی اور غیر مصدقہ خبریں نہیں پھیلائیں۔

حریم شاہ نے ٹک ٹاک کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی اور اسی سلسلے میں وہ کئی تنازعات کی بھی زد میں رہیں۔ وہ اکثر اپنی ساتھی صندل خٹک کے ساتھ مل کر ویڈیوز بناتی ہیں۔

حریم شاہ اور صندل خٹک کی پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے ساتھ اور نیوز اینکر مبشر لقمان کے ذاتی جہاز کے سامنے فلمائی گئی ویڈیوز اور پھر معافی تلافی کے قصے وائرل ہوئے۔ تاہم ان کی وزارت خارجہ کے دفتر میں وزیر خارجہ کی کرسی پر بیٹھے ہوئے ان کی ایک ویڈیو بےحد وائرل ہوئی، جس کے پس منظر میں بھارتی گانا چل رہا تھا۔

اس ویڈیو کے بعد ہر طرف سے شور اٹھنے لگا کہ آخر یہ حریم شاہ ہیں کون اور انہیں کس نے اتنے اہم دفتر میں جانے اور وہاں ویڈیو بنانے کی اجازت دے ڈالی؟

اس کے علاوہ ان کی شیخ رشید کی ساتھ فون کال کی ایک ویڈیو بھی بہت مشہور ہوئی جس میں وہ بظاہر شیخ رشید کی کوئی ’نامناسب‘ ویڈیو عام کرنے کی دھمکی دیتی ہیں، جس پر شیخ رشید فوراً فون کاٹ دیتے ہیں۔

جنوری میں ان کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں معروف دینی شخصیت مفتی عبدالقوی کو تھپڑ مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان