جب ایک جج نے خود پر ہی جرمانہ عائد کردیا

عدالتی تاریخ کا یہ انوکھا واقعہ مصر میں اس وقت پیش آیا، جب اسوان میں سٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب کا موبائل فون دوران سماعت بج اٹھا۔

انتظامی عدالت کے جج نے خود کو 500 مصری پاؤنڈ جرمانہ کیا۔ (تصویر: بشکریہ پکسابے)

مصر کی عدالتی تاریخ میں اس وقت ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جب ایک عدالت کے جج نے خود پر ہی جرمانہ عائد کرکے سب کو حیران کردیا۔

العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق سٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب نے ایک کیس کی سماعت کے دوران اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود کو جرمانے کی سزا سنائی۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے خود کو 500 مصری پاؤنڈ جرمانہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی، جس کے نتیجے میں ان کی توجہ مقدمے سے ہٹ گئی، لہذا انہوں نے فوراً خود کو اس کا قصوروار قرار دیتے ہوئے 500 پاؤنڈ کا جرمانہ کردیا۔

جسٹس محسن کلوب کے اس اقدام پر دیگر جج صاحبان، وکلا اور عام شہری بھی حیران رہ گئے کہ ایک جج مقدمات میں سماعت میں اس حد تک سنجیدہ ہے کہ اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود ہی کو موجب سزا قرار دیتا ہے۔

واضح رہے کہ مجموعہ ضابطہ دیوانی میں کہا گیا ہے کہ عدالتی سماعت کے دوران اگر کسی فرد کا موبائل فون بجے تو اسے کمرے سے خارج کیا جاسکتا ہے، اس کا موبائل فون ضبط ہوسکتا ہے یا اس پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔

جسٹس کلوب کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ دیگر جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کے دوران اپنے فون بند رکھنے کی تاکید کرتے رہتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا