کرونا وبا: پاکستان کا ہلاکت خیز ترین دن، 24 گھنٹوں میں 135 اموات

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 48 ہزار 92 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار چھ سو 81 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

رمضان کے آغاز سے قبل پشاور میں اس مسجد پر جراثیم کش سپرے کیا جارہا ہے (اے ایف پی)

دنیا بھر میں جاری عالمی وبا کے دوران پاکستان میں منگل اس سال کا سب سے ہلاکت خیز دن رہا جب کرونا (کورونا) وائرس سے 135 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی۔ 

پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے اعداد و شمار کا ریکارڈ رکھنے والی سرکاری ویب سائٹ کووڈ ڈاٹ گوو ڈاٹ پی کے کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 48 ہزار 92 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار چھ سو 81 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا سے 135 افراد چل بسے۔

پاکستان میں گذشتہ سال سب سے زیادہ اموات، 148، 25 جون کو ہوئی تھیں جس کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 135 اموات اس سال میں پاکستان میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق ملک میں کرونا سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار 754 ہو چکی ہے اور مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 34 ہزار چار سو 23 تک جا پہنچی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار سات سو 57 ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تین ہزار چھ سو 45 مریض کرونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ 41 ہزار نو سو 12 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ہمسایہ ملک بھارت میں بھی کرونا کی تیسری لہر کا زور جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 84 ہزار تین سو 72 کیسز کی تصدیق ہوئی اور  ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 27 رہی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارت میں اب تک مجموعی طور پر کرونا کے ایک کروڑ 39 لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 72ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ رواں ہفتے بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا متاثرہ ترین ملک بن گیا۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان