کیا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اتفاق رائے ممکن ہے؟

اگرچہ عام انتخابات میں ابھی کافی وقت ہے لیکن کئی دیگر اشوز کی طرح الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بھی حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہوتا دکھائی نہیں دیتا ہے۔

(اے ایف پی)

 انتخابی اصلاحات کے طور پر وفاقی کابینہ نے منگل کو دو آرڈیننسز کی منظوری دی جن کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کی جا سکیں گی اور تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق مل سکے گا۔

یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کر سکے گا جبکہ دوسرے سے الیکشن کمیشن کو اختیارات ملیں گے کہ وہ تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے لیے اقدامات کرے۔

’امید ہے کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف خوش ہوں گے کیوں کہ وہ یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ الیکشن کمیشن کو یہ رول دیا جائے، تو حکومت نے یہ رول الیکشن کمیشن کو دے دیا۔‘

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کے انتخابی اصلاحات چار حصوں پر مشتمل ہیں جن میں ای وی ایمز، ای۔ووٹنگ، بائیو میٹرک اور قانون سازی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایمز بنا دی گئی ہیں اور حکومت اس مقصد کے لیے قانون سازی کا ایجنڈا بھی سامنے لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک اور ای۔ووٹنگ پر کام جاری ہے۔

تاہم حزب اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی مخالفت کر چکی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حکومت کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کانظام تمام دنیانے مستر کر دیا، الیکشن کمیشن نے بھی اسے ناقابل عمل قرار دیا ہے۔

اپوزیشن یہ سوال بھی اٹھا رہی ہے کہ اگر ان مشینوں نے انتخابات میں آر ٹی ایس کی طرح کام کرنا چھوڑ دیا تو متبادل کیا ہو گا۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بھی گذشتہ دنوں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں آئے روز سکیورٹی کے نام پر انٹرنیٹ سے چھیڑخانی ہوتی رہتی ہے یہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال زیادہ خطرناک ثابت ہوگا۔ ’جن ممالک نے یہ تجربہ شروع کیا ان میں سے کئی ممالک نے یہ چھوڑ دیا اور عمران خان کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ نادراکی ای وی ایم کے بارے رپورٹ موجود ہے۔‘

لیکن تحریک انصاف کی حکومت بظاہر انتخابات میں اس نئے تجربے کو آزمانے پر اصرار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ اگرچہ عام انتخابات میں ابھی کافی وقت ہے لیکن کئی دیگر اشوز کی طرح الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بھی حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہوتا دکھائی نہیں دیتا ہے۔

فریقین کی جانب سے اس سلسلے میں عوامی سطح پر بیان بازی جاری ہے لیکن ایک دوسرے سے رابطے کی کوئی کوشش دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

این اے 249کراچی کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ای سی پی کے فیصلے کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقے میں دوبارہ گنتی کے بجائے ری پولنگ ہونی چاہیے کیونکہ جیتنے والے امیدوار کو صرف پانچ فیصد ووٹ ملے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے جیل میں قیدیوں کے لیے عیدالفطر کے موقع پر قید میں 90 دن کی تخفیف کی منظوری دی ہے۔ یہ معافی گھناؤنے جرائم کے مرتکب قیدیوں پر لاگو نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جانشینی سرٹیفکیٹ نادرا کے ذریعے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں اس حوالے سے 24 سفارت خانوں میں ڈیسک کھولے جا رہے ہیں۔

وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے ریلویز میں بولی دینے کیلئے نجی شعبے کو ودہولڈنگ ٹیکس پر 10 فیصد چھوٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کا دورہ باہمی اتحاد میں اضافے کے لیے بڑا کردار ادا کرے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپنے داخلی معاملات میں یورپی یونین کی کسی قرارداد کو اہمیت نہیں دیتے،وزیراعظم نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتا ہو ہی نہیں سکتا، یورپی یونین کی قرارداد کا اثر پاکستان کے داخلی معاملات پر نہیں ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست