مال بردار جہاز کو کراچی کے ساحل پر پھنسے ہوئے ایک ماہ مکمل

ہینگ ٹونگ 77 کے پھنسنے سے لے کر اب تک کیا ہوا؟ جانیے انڈپینڈنٹ اردو کی اس ٹائم لائن میں۔

کراچی کے ساحل پر ایک مال بردار جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو پھنسے ہوئے آج پورا ایک مہینہ ہو گیا۔

سیلویج کمپنی سی میکس میرین سروسز کے مالک عارف شیخ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ آج سے جہاز کے بارج کو نکالنے کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ جہاز کو بھی نکالنے کی تیاریاں ہیں۔

عارف کے مطابق جہاز ممکنہ طور پر 22 اگست کو نکال لیا جائے گا۔

جہاز کے پھنسنے سے لے کر اب تک کیا ہوا؟

19 جولائی: ایک لنگر ٹوٹنے پر جہاز کو کراچی پورٹ میں جگہ دینے کی درخواست کی گئی۔

20 جولائی: تیز پانی کے بھاؤ سے جہاز کا دوسرا لنگر بھی ٹوٹ گیا اور کپتان نے ایمرجنسی کال دی۔

21 جولائی: عید الضحیٰ کے پہلے دن جہاز پانی میں تیرتا ہوا کراچی کے ساحل پر پھنس گیا۔

22 جولائی: کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین نادر ممتاز نے دعویٰ کیا کہ جہاز کے کپتان نے مدد کی کوئی کال نہیں دی۔

23 جولائی: جہاز کے ارد گرد بومز لگا دیے گئے اور اسے نکالنے کے لیے مختلف سیلویج کمپنیوں سے رابطے شروع ہو گئے۔

ساتھ ہی جہاز کو عوام کے ہجوم سے محفوظ رکھنے کے لیے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

24 جولائی: وزارت بحری امور نے واقعے کی تحقیقات کے لیے سرکاری تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، جس کی رپورٹ ابھی تک شائع نہیں ہوئی۔

25 جولائی: جہاز کے کپتان کی ایمرجنسی کال منظر عام پر آگئی جس میں انہیں واضح طور پر کے پی ٹی حکام سے مدد مانگتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

26 جولائی: جہاز کو نکالنے کے آپریشن کی تیاری شروع کردی گئی۔ شاول اور ایکسکیویٹرز کی مدد سے جہاز کے ارد گرد مٹی کو ہٹانے کا کام شروع ہوگیا۔

30 جولائی: جہاز میں سے 95 ٹن فیول خالی کرلیا گیا۔ اس حوالے کے پی ٹی نے بتایا کہ پہلے بحریہ فاؤنڈیشن نے فیول نکالنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے۔ اس کے بعد فیول نکالنے کا کام شوکت میرین نامی کمپنی نے مکمل کیا۔

10 اگست: جہاز کو نکالنے کا تین روزہ آپریشن شروع ہوا۔

11 اگست: وزارت بحری امور علی زیدی نے جہاز کو تحویل میں لینے کا اعلان کرتے ہوئے اسے سمندری امور کے لیے ناقابل استعمال قرار دے دیا۔

13 اگست: جہاز کو ٹگ بوٹ سے باندھنے والا رسہ ٹوٹ گیا۔ سیلویج کمپنی سی میکس جہاز کو ٹگ بوٹ سے باندھنے میں ناکام رہی۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

20 اگست: سی میکس کمپنی کے مالک عارف شیخ نے کا کہنا ہے کہ جہاز کے ساتھ پھنسی ہوئی بارج کو نکالنے کی کوشش شروع کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق جہاز 22 اگست کو نکالے جانے کا امکان ہے۔

دنیا کی اہم بحری گزر گاہ نہر سوئز میں پھنسے ایک دیوہیکل مال بردار بحری جہاز ایورگیون کو ایک ہفتے میں نکال لیا گیا تھا۔

تاہم ہینگ ٹونگ 77 کو کراچی کے ساحل پر پھنسے ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ اب یہ جہاز اور کتنے وقت تک کراچی کے ساحل پر پھنسا رہے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان