شہزاد رائے اور انوپم کھیر ’ماں صدقے اتنا پیار چل رہا ہے‘

شہزاد رائے کی ایک ٹویٹ پر انوپم کھیر نے اپنی غلطی تسلیم کی جس پر پاکستانی گلوکار نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ یوں ٹوئٹر پر صارفین کو دلچسپ تبصرے کرنے کا موقع مل گیا۔

انوپم کھیر نے شہزاد رائے کی ٹویٹ پر اپنی غلطی تسلیم کر لی اور لکھا کہ مجھے یہ ویڈیو پسند آئی اور ان بچوں سے کے ساتھ ایسے اچھا کام کرتے رہیں(اے ایف پی)

2015 میں پاکستانی گلوکار شہزاد رائے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو ایک بار پھر ٹوئٹر پر زیر بحث ہے۔

شہزاد نے گھریلو سامان کو موسیقی کے آلات میں تبدیل کر کے میوزک بنانے والے بچوں کی ویڈیو کو ایک بار پھر ٹوئٹر پر شئیر کیا۔

انہوں نے بچوں کے بارے میں پوچھا اور لکھا کہ وہ ان بچوں کو موسیقی کے آلات بھیجنا چاہتے ہیں۔

شہزاد رائے نے یہ ٹویٹ 11 اگست کو کی لیکن اس ویڈیو کو بالی وڈ اداکار انو پم کھیر نے 18 اگست کو دوبارہ ٹویٹ کر دیا۔

انوپم کھیر نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’انڈیا کے ایک گاؤں میں کچھ بچوں نے مل کر اپنا بینڈ بنایا ہے۔ اس بینڈ کے پاس کوئی جدید آلات نہیں۔ سلام ان بچوں کو۔ یہ بچے کہاں ہیں؟‘

اس پر شہزاد نے جوابی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سر! یہ ویڈو شئیر کرنے پر آپ کا شکریہ مگر آپ نے لکھا یہ قابل بچے بھارت سے ہیں، تصحیح کر دوں ان بچوں کا تعلق پاکستان کے علاقے ہنزہ سے ہے۔ میں ان بچوں سے رابطے میں ہوں اور ان بچوں کو موسیقی کے تمام آلات بھیج چکا ہوں جس کی ان کو ضرورت تھی۔‘

شہزاد رائے کے جواب سے قبل ہی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے انوپم کھیر کو ان کی غلطی کے بارے بتانا شروع کر دیا۔

زوہیب عالم نے جواب میں لکھا کہ ’کچھ بھی۔ یہ بچے پاکستان کے علاقے ہنزہ سے ہیں اور وہ 1950 کی دہائی کا مشہور ترانہ ’آؤ بچوں سیر کرائیں تم کو پاکستان کی‘ گا رہے ہیں۔ یہ بچے اب بڑے ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنا لوکل بینڈ بھی بنا لیا ہے۔‘

میر نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’کبھی تو کچھ اپنا کر لیا کریں۔ فلموں سے لے کر یہ پوسٹ سب کچھ ہی چوری شدہ۔‘

محسن ریاض نے انوپم کھیر کی ٹویٹ پر جواب دیا کہ: ’بھارت‘ میں بچے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا میوزک بجا رہے ہیں۔

انوپم کھیر نے شہزاد رائے کی ٹویٹ پر اپنی غلطی تسلیم کر لی اور لکھا کہ ’مجھے یہ ویڈیو پسند آئی اور ان بچوں کے ساتھ ایسے اچھا کام کرتے رہیں۔‘

انوپم کھیر کی غلطی تسلیم کرنے کے بعد کے ٹویٹ پہلے سے کافی مختلف نظر آئے۔

ہمایوں میر نے لکھا کہ دونوں فنکاروں رویہ متاثر کُن ہے۔ انہوں نے انوپم کھیر کی فلم میں کی گئی کمنٹری کی بھی تعریف کی۔

مزمل اسلم نے لکھا ’ہم اچھے پڑوسی ہو سکتے ہیں۔ دونوں کی جانب سے بہترین رویہ اپنا گیا۔‘

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ یہ اس طریقے سے ہی بات چیت ہونی چاہیے۔ مہذب اور انسانیت سے۔

انوپم کھیر کی جانب سے غلطی تسلیم کرنے پر شہزاد رائے نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو ان بچوں کے بارے میں اگاہ کرتے رہیں گے۔

ان ٹویٹس کے تبادلے پر ایک صارف نے لکھا: ماں صدقے اتنا پیار چل رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ