مختصر ترین ویکیوم کلینر سے عالمی ریکارڈ بنانے والا منی ایچر آرٹسٹ

پینسل کے سکے کی مدد سے 1.3سینٹی میٹر پر مشتمل دنیا کا سب سے چھوٹا ویکیوم کلینر بنانے والے احسان قیوم پیشے کے اعتبار سے گرافک ڈیزائنر ہیں، لیکن منی ایچر آرٹ ان کا شوق ہے۔

لاہور کے رہائشی منی ایچر آرٹسٹ احسن قیوم نے دو ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے اپنا نام  گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروایا ہے۔

انہوں نے 2019 میں پینسل کے سکے سے زنجیر کی 75کڑیاں بنا کر ایک بھارتی آرٹسٹ کا 58کڑیاں بنانے کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

اس کے بعد انہوں نے تین بھارتی آرٹسٹوں کے سب سے چھوٹے ویکیوم کلینر بنانے کے ریکارڈ کو چیلنج کرنا شروع کیا اور تین بار کی کوشش سے انہوں نے تین ماہ کے عرصے میں پہلے 2.9 سینٹی میٹر سائز کے ویکیوم کلینر کے مقابلے میں 1.9 سینٹی میٹر، پھر 1.76کے مقابلے میں 1.46 اور آخری بار 1.4کے مقابلے میں 1.3سینٹی میٹر پر مشتمل دنیا کا سب سے چھوٹا ویکیوم کلینر بنا کر ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اپنی ویب سائٹ پر بھی ان کے اس ریکارڈ کو رجسٹرڈ کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

احسن قیوم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ وہ انٹر پاس ہیں اور غربت کی وجہ سے زیادہ تعلیم حاصل نہیں کر سکے۔

احسن پیشے کے اعتبار سے گرافک ڈیزائنر ہیں، لیکن منی ایچر آرٹ ان کا شوق ہے اور لوگ ان سے فن پارے آرڈر پر تیار کرواتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دو ورلڈ ریکارڈ بنانے کے باوجود کسی حکومتی عہدیدار نے نہ تو ان سے رابطہ کیا اور نہ ہی حوصلہ افزائی کی۔

احسن کہتے ہیں کہ حکومت کو چاہیے وہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کرے تاکہ وہ ملک کا نام پوری دنیا میں بہتر انداز سے روشن کرسکیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ابھرتے ستارے